مظفرآباد (بیورو رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان آزاد جموں و کشمیر کے صدر منتخب ہوگئے، جس کے بعد انہوں نے اپنے عہدے کا حلف بھی اٹھا لیا ، آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں ڈاکٹر نجیب نقی نے 32 ووٹ حاصل کیے، جبکہ ان کے مدمقابل پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار چودھری لطیف اکبر کو 13 ووٹ ملے۔ ایک رکن اسمبلی کی عدم موجودگی کے باعث ان کا ووٹ شمار نہیں ہوا۔
صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی سیکرٹریٹ میں ہوئی، جہاں ووٹنگ کے بعد ریٹرننگ افسر کی نگرانی میں ووٹوں کی گنتی مکمل کی گئی اور ڈاکٹر نجیب نقی کی کامیابی کا اعلان کیا گیا ، بعد ازاں صدرِ آزاد کشمیر کی حلف برداری کی تقریب مظفرآباد میں منعقد ہوئی، جہاں چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر نے ڈاکٹر محمد نجیب نقی سے عہدے کا حلف لیا۔
ڈاکٹر نجیب نقی کا انتخاب آزاد کشمیر میں نئی حکومت کی تشکیل کے بعد اہم آئینی عہدوں کی تکمیل کے سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے ، اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے امیدوار افتخار گیلانی وزیراعظم آزاد کشمیر جبکہ چودھری طارق فاروق اسپیکر قانون ساز اسمبلی منتخب ہوچکے ہیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کی نومنتخب صدر کو مبارکباد :
وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی نے ڈاکٹر نجیب نقی کو صدر ریاست منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کا انتخاب پارٹی قیادت کے فیصلے اور پارلیمانی پارٹی کے اعتماد کا نتیجہ ہے ، انہوں نے کہا کہ حکومت اسمبلی کو مضبوط بنانے، ایوان کے وقار کو برقرار رکھنے اور اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی پر عمل کرے گی ، وزیراعظم آزاد کشمیر کے مطابق کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔
افتخار گیلانی نے پونچھ کے سات حلقوں میں انتخابات نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان حلقوں میں جلد انتخابی عمل مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، انہوں نے ڈاکٹر نجیب نقی اور ان کے خاندان کی پونچھ اور آزاد کشمیر کے لیے خدمات کا بھی ذکر کیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ ریاست کی تعمیر و ترقی کے لیے جامع پالیسی تشکیل دی جا رہی ہے، جبکہ سابق حکومت کی انتظامیہ ہی فی الحال امور انجام دے رہی ہے ، انہوں نے بتایا کہ ایجوکیشن پیکیج سے متعلق اعتراضات کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے۔
ڈاکٹر نجیب نقی کا سیاسی سفر :
ڈاکٹر محمد نجیب نقی کا تعلق پونچھ ڈویژن کے سدھنوتی سے ہے اور ان کا شمار آزاد کشمیر کے تجربہ کار سیاسی رہنماؤں میں ہوتا ہے ، وہ مختلف ادوار میں رکن قانون ساز اسمبلی، پارلیمانی سیکریٹری، کشمیر کونسل کے رکن اور صوبائی نوعیت کے متعدد محکموں کے وزیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں ، وہ 1991 میں پہلی مرتبہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ، بعد ازاں 1996 اور 2006 کے انتخابات میں بھی مسلم کانفرنس کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے اور مختلف سرکاری محکموں کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔
2011 کے انتخابات میں وہ مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے جبکہ 2016 میں بھی کامیابی حاصل کی۔ 2016 سے 2021 تک انہوں نے صحت، خزانہ اور منصوبہ بندی و ترقی سمیت مختلف محکموں میں بطور وزیر خدمات انجام دیں ، مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت نے رواں ماہ ڈاکٹر نجیب نقی کو آزاد کشمیر کے صدارتی انتخاب کے لیے پارٹی امیدوار نامزد کیا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی مبارکباد :
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی ڈاکٹر محمد نجیب نقی کو صدر آزاد جموں و کشمیر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے ، وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈاکٹر نجیب نقی کا انتخاب ان پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہے ، انہوں نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب صدر اپنی آئینی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرتے ہوئے آزاد کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کے لیے کردار ادا کریں گے ، شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے وفاقی حکومت کے بھرپور تعاون کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

