معروف بالی وڈ اداکار مشتاق خان 56 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

ممبئی (ویب ڈیسک) بالی وڈ کے معروف معاون اور مزاحیہ اداکار مشتاق خان 56 برس کی عمر میں انتقال کرگئے ، بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مشتاق خان جگر کے کینسر میں مبتلا تھے اور طبیعت بگڑنے کے بعد تقریباً دو ہفتے قبل انہیں ممبئی کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ گزشتہ چند روز کے دوران ان کی حالت مزید خراب ہوگئی۔

مشتاق خان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد بھارتی فلم انڈسٹری سے وابستہ مختلف شخصیات نے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ، مشتاق خان نے اپنے طویل فنی سفر کے دوران متعدد مقبول فلموں میں معاون اور مزاحیہ کردار ادا کیے ، انہیں ویلکم، عاشقی، ہم ہیں راہی پیار کے، مجھ سے شادی کروگی، ہیرا پھیری اور جوڑی نمبر ون سمیت مختلف فلموں میں اداکاری کے باعث پہچان ملی۔

انہوں نے 1980 میں فلم ’’البرٹ پنٹو کو غصہ کیوں آتا ہے؟‘‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا، جس کے بعد وہ بالی وڈ کی متعدد فلموں کا حصہ رہے ، مشتاق خان کے بیٹے کے مطابق اداکار کی طبیعت چند روز قبل اچانک زیادہ خراب ہوئی، اس سے پہلے وہ معمول کے مطابق اپنی پیشہ ورانہ سرگرمیوں میں مصروف تھا، ان کے مطابق اسپتال منتقل کیے جانے سے قبل مشتاق خان سلمان خان کے باڈی گارڈ شیرا کے بیٹے کی پہلی فلم کی شوٹنگ میں بھی حصہ لے رہے تھے۔