دبئی (ویب ڈیسک) پاکستان کے اسٹار بلے باز بابر اعظم کو ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی20 کے پانچویں سیزن کی نیلامی میں 80 ہزار امریکی ڈالر میں ڈیزرٹ وائپرز نے سائن کرلیا، جس کے بعد وہ متحدہ عرب امارات کی مقبول فرنچائز کرکٹ لیگ کا حصہ بن گئے۔
بابر اعظم اس وقت پاکستان میں پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں حصہ لے رہے ہیں اور ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہے ہیں، اس سے قبل انہوں نے رواں سال پاکستان سپر لیگ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
بابر اعظم نے مئی میں پشاور زلمی کی قیادت کرتے ہوئے ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، یہ پشاور زلمی کی تاریخ میں دوسرا پی ایس ایل ٹائٹل تھا، جبکہ ٹیم نے پہلی مرتبہ 2017 میں چیمپئن شپ جیتی تھی۔
یہ بطور کپتان بابر اعظم کا پہلا پی ایس ایل ٹائٹل تھا، انہوں نے ٹورنامنٹ میں 588 رنز بنا کر سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز کا اعزاز حاصل کیا، جس میں دو سنچریاں بھی شامل تھیں ، ان کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں انہیں پی ایس ایل ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا کپتان بھی نامزد کیا گیا .
ڈیزرٹ وائپرز میں بابر اعظم کی شمولیت سے فرنچائز کو ایک تجربہ کار ٹاپ آرڈر بلے باز کی خدمات حاصل ہوگئی ہیں، جنہیں بین الاقوامی کرکٹ اور مختلف فرنچائز لیگز میں کھیلنے کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔
بابر اعظم کی آئی ایل ٹی20 میں شرکت سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں موجود کرکٹ شائقین کی دلچسپی میں بھی اضافہ متوقع ہے ، واضح رہے کہ آئی ایل ٹی20 کے پانچویں سیزن کی نیلامی میں لیگ کی تمام چھ فرنچائزز آئندہ ایڈیشن کے لیے اپنی ٹیموں کو مضبوط بنانے کی غرض سے کھلاڑیوں کا انتخاب کر رہی ہیں۔

