islamabad high court capitalnewspoint.com

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ستمبر میں 1894 مقدمات نمٹادیے، جسٹس شاہ رخ ارجمند نے نیا ریکارڈ قائم کردیا

اسلام آباد (کورٹ رپورٹر) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ستمبر 2026 کے دوران مجموعی طور پر 1894 مقدمات کے فیصلے کیے، جبکہ جسٹس شاہ رخ ارجمند نے ایک ماہ میں 471 کیسز نمٹا کر عدالت کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

جاری کردہ تفصیلات کے مطابق یکم ستمبر سے 30 ستمبر 2026 کے دوران اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بینچز نے مجموعی طور پر 1664 مقدمات نمٹائے، جبکہ 7 مختلف ڈویژن بینچز نے اس عرصے میں 230 کیسز کے فیصلے کیے۔

جسٹس شاہ رخ ارجمند نے 471 مقدمات نمٹائے :

اعداد و شمار کے مطابق جسٹس شاہ رخ ارجمند نے ستمبر کے دوران 471 مقدمات کے فیصلے کیے، جو سنگل بینچز کی جانب سے نمٹائے گئے کل مقدمات کا 28.30 فیصد بنتا ہے ، جسٹس ایاز شوکت نے ایک ماہ کے دوران 234 مقدمات نمٹائے، جبکہ جسٹس انعام امین منہاس نے 187 کیسز کے فیصلے کیے۔

دیگر ججز کی جانب سے نمٹائے گئے مقدمات :

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے ستمبر میں 130 مقدمات کے فیصلے کیے ، اعداد و شمار کے مطابق جسٹس محمد اعظم خان نے 127، جسٹس ارباب محمد طاہر نے 116 اور جسٹس محمد آصف نے 112 مقدمات نمٹائے۔

اسی طرح جسٹس خادم حسین سومرو نے 99 کیسز کے فیصلے کیے، جسٹس عمیر مجید ملک نے 138 جبکہ جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے 50 مقدمات نمٹائے ، اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جاری اعداد و شمار میں ستمبر کے دوران عدالت کے مختلف بینچز کی جانب سے نمٹائے گئے مقدمات کی مجموعی کارکردگی کی تفصیلات شامل کی گئی ہیں۔