بونیر (بیورو رپورٹ) امیر سیاسی پارٹی جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ہماری تحریک نے سیاست کا رخ موڑ دیا ہے ، بونیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک بھر کے نوجوان اپنے حقوق کے لیے پرعزم ہیں، خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ اور پنجاب سمیت ہر جگہ عوامی تحریک جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی تحریک کسی جماعت، خاندان یا پارٹی لیڈر کے لیے نہیں بلکہ عوام کی تحریک ہے اور عوام ہی کے لیے ہے ، انہوں نے دعویٰ کیا کہ جماعت اسلامی کی تحریک نے ملکی سیاست کا رخ موڑ دیا ہے ، امیر سیاسی پارٹی جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ دیگر سیاسی جماعتیں عوامی مسائل پر بات نہیں کرتیں، مہنگائی، بجلی اور پٹرول جیسے مسائل ان جماعتوں کی ترجیحات میں شامل نہیں، بونیر میں ماربل کے 300 سے زائد کارخانے موجود ہیں جو ٹیکسز کے باعث بند ہوچکے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومتیں عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کے بجائے انہیں بے روزگار کر رہی ہیں، انہوں نے نوجوانوں اور عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

