آبنائے ہرمز پر امریکی جواب کا جائزہ، ایران نے حتمی فیصلے کا عندیہ دے دیا

تہران (ویب ڈیسک) ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ ایران نیویارک میں اقوام متحدہ کے اجلاسوں کے دوران ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی جانب سے آبنائے ہرمز کے حوالے سے پیش کی گئی تجویز پر امریکی جواب کا جائزہ لے رہا ہے ، کاظم غریب آبادی نے کہا کہ ایران اس معاملے پر امریکی مؤقف کا بغور جائزہ لے رہا ہے اور اس حوالے سے حتمی فیصلہ ہونے کے بعد ہی باضابطہ جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے کوئی حتمی جواب تیار کیا گیا تو اسے مناسب اور متعلقہ سفارتی ذرائع کے ذریعے امریکا تک پہنچایا جائے گا ، ایرانی نائب وزیر خارجہ کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز کی صورتحال ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی میں اہم معاملہ بنی ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ستمبر کے اواخر میں ایران کی اس پیشکش کو مسترد کردیا تھا جس میں سات دن کے اندر آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کا منصوبہ پیش کیا گیا تھا۔