اسلام آباد میں ٹریفک پلان تبدیل، سری لنکن ٹیم کے روٹ پر شہریوں کیلئے اہم ہدایات

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) سری لنکن کرکٹ ٹیم کی آمد و رفت کے پیش نظر سری نگر ہائی وے پر مختلف مقامات پر ٹریفک ڈائیورشنز لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے باعث بعض اوقات ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور سڑک پر گاڑیوں کی رفتار سست رہنے کا امکان ہے۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق ٹیم کے روٹ کے دوران شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ٹریفک کے دباؤ کو کم کیا جاسکے اور آمد و رفت کو ممکنہ حد تک رواں رکھا جا سکے۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق شہری سری نگر ہائی وے کے بجائے آئی جے پی روڈ، ایران ایونیو، مارگلہ روڈ اور سری نگر ہائی وے سے منسلک سروس روڈز استعمال کرسکتے ہیں ، سیکٹر G-6 اور G-7 کے رہائشیوں کو سہروردی روڈ اور فیصل ایونیو اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ، سیکٹر G-8 اور G-9 کے مکین سروس روڈ G-8، G-9 اور نائنتھ ایونیو استعمال کریں۔

اسی طرح سیکٹر G-10 اور G-11 کے رہائشی متبادل راستے کے طور پر سروس روڈ G-10 اور G-11 اختیار کرسکتے ہیں ، سیکٹر G-13 کے رہائشیوں کو اسلام آباد چوک انڈر پاس اور G-13 سروس روڈ استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے ، اسلام آباد ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کی رہنمائی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اہلکار مختلف مقامات پر موجود رہیں گے۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سفر کے دوران کسی بھی مشکل یا راستے سے متعلق رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کریں ، اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق شہری ٹریفک صورتحال اور روٹس سے متعلق مزید تازہ معلومات کے لیے آئی ٹی پی ایف ایم اور اسلام آباد پولیس کے سوشل میڈیا پیجز بھی ملاحظہ کرسکتے ہیں۔