Maryam Nawaz Capitalnewspoint.com (2)

بریسٹ کینسر قابلِ علاج ہے، بروقت تشخیص زندگی بچا سکتی ہے. مریم نواز

لاہور (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) مریم نواز شریف نے کہا کہ بریسٹ کینسر قابلِ علاج مرض ہے اور بروقت تشخیص سے علاج کے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بریسٹ کینسر سے آگاہی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں بریسٹ کینسر سے متعلق شعور اجاگر کرنے اور بروقت تشخیص کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کینسر کے خلاف آگاہی، احتیاط اور بروقت طبی معائنہ زندگی بچانے کے لیے نہایت ضروری ہے۔

ان کی ہدایت پر بریسٹ کینسر سے آگاہی کے لیے ہر ہسپتال میں خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں ، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لاہور میں دنیا کا سب سے بڑا نواز شریف کینسر ہسپتال تعمیر کیا جا رہا ہے، جہاں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سینٹر میں ہر قسم کے کینسر کے علاج کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کینسر ہسپتال میں ہر اسٹیج کے بریسٹ کینسر سمیت مختلف اقسام کے کینسر کا علاج ہوگا ، کینسر کی بروقت تشخیص اور علاج کے لیے جدید مشینری اور ادویات فراہم کی جائیں گی، جبکہ کینسر پر تحقیق کے لیے جدید لیبارٹری بھی قائم کی جائے گی ، مریم نواز شریف کے مطابق کینسر کے مریضوں کو علاج کے دوران نفسیاتی اور جذباتی معاونت فراہم کرنے کے لیے ہسپتال میں سائیکاٹری ڈیپارٹمنٹ بھی قائم کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب کینسر کے مریضوں کو 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت فراہم کر رہی ہے ، بریسٹ کینسر کے مریضوں کا مستند ڈیٹا علاج کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا ، انہوں نے کہا کہ بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص کے لیے پنجاب بھر میں لیڈی ہیلتھ انسپکٹرز ڈیٹا جمع کرکے اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ خواتین کو چاہیے کہ وہ جسم میں ہونے والی غیر معمولی تبدیلیوں کو نظر انداز نہ کریں اور بروقت طبی معائنہ کروائیں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ بریسٹ کینسر سے متعلق شعور اجاگر کرنا اور بروقت تشخیص کی ترغیب دینا مشترکہ سماجی ذمہ داری ہے ، انہوں نے خواتین کو پنجاب میں کینسر کی تشخیص اور علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔