اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وفاقی وزارتِ تعلیم اور گوتھ اے آئی کے درمیان مصنوعی ذہانت کے ذریعے تعلیمی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں ، اس شراکت داری کے تحت گوتھ اے آئی نے پاکستانی اساتذہ کے لیے 4 ہزار مفت پریمیم سبسکرپشنز فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی شرکت کی, اس اقدام کا مقصد پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کو فروغ دینا، اساتذہ کو جدید تدریسی سہولتوں تک رسائی دینا اور تعلیمی معیار بہتر بنانے کے مواقع پیدا کرنا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں جدید ٹیکنالوجی سے مستفید کرنے کے لیے پُرعزم ہے ، طلبہ کی تعلیم اور صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کو خوراک، رہائش، مفت یونیفارم اور جدید تعلیمی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں, ان کے مطابق دانش اسکول معیاری تعلیم کے فروغ اور ملک میں تعلیمی انقلاب لانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، اس لیے ان اسکولوں کی تعمیر میں معیار پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔
شہباز شریف نے کہا کہ جدید تدریسی طریقوں کے ذریعے تعلیمی شعبے میں مزید بہتری کے امکانات تلاش کیے جائیں گے ، انہوں نے پاکستانی اساتذہ کے لیے 4 ہزار مفت پریمیم سبسکرپشنز کی فراہمی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گوتھ اے آئی کے ساتھ یہ شراکت داری پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے ، اس اقدام سے اساتذہ اور طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے اور نوجوان نسل کے لیے ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے ،حکومت کے مطابق تعلیم میں مصنوعی ذہانت اور جدید ڈیجیٹل سہولتوں کا استعمال تدریسی عمل کو بہتر بنانے، اساتذہ کی استعداد بڑھانے اور طلبہ کی تعلیمی صلاحیتوں کو نکھارنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

