اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی اپنی نگرانی میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں کروا رہے ہیں، غیر قانونی قبضوں کے پیچھے کوئی بھی طاقتور شخصیت ہو، آپریشن جاری رہے گا۔
طلال چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک فائیو سٹار ہوٹل کی غیر قانونی تعمیر کی دیوار بھی گرائی گئی ہے، جبکہ پشاور میں کاروباری شخصیات کی جانب سے قائم غیر قانونی تجاوزات بھی مسمار کی جا رہی ہیں ، انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر غیر قانونی قبضے جاری نہیں رہ سکتے، کیا عوام کا راستہ روکنا قانونی ہے؟ ہمارے دین میں راستے کھولنے کی بات کی گئی ہے، انہیں بند کرنے کی نہیں۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ کیا کوئی شخص ایک سڑک پر قبضہ کرکے اپنے والد کا نام لکھ دے تو یہ جائز ہو جائے گا؟ کیا سیاست کے زور پر سڑکوں پر قبضہ کیا جا سکتا ہے؟ ریاست نے آپ کو بہت کچھ دیا ہے، لیکن آپ ریاست کو کچھ نہیں دے سکے تو کم از کم غیر قانونی کام ہی چھوڑ دیں۔
وزیر مملکت نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی پر ذاتی حملے کیے گئے، لیکن ان کے مؤقف کا جواب نہیں دیا جا سکا، ہم کسی کو ذاتی حملوں کے ذریعے جواب نہیں دیں گے، بعض افراد شہدا کی قربانیوں کا مذاق اڑاتے ہیں اور شہدا کے نام پر مختص پلاٹوں پر قابض ہیں، ریاست نے ایسے لوگوں کو بہت ڈھیل دی، تاہم اب غیر قانونی قبضوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ہر طاقتور اور امیر شخص کی تجاوزات کے خلاف کارروائی کی گئی ہے، پشاور کی اہم شاہراہ پر بھی عوام کا راستہ روکا گیا ہے جسے کھلوانا ضروری ہے ، طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ اگر کسی نے جذبات میں آکر بیانات دیے ہیں تو اسے اپنی غلطی کا احساس ہونا چاہیے، بڑا آدمی وہی ہوتا ہے جو اپنی غلطی تسلیم کرے اور اس کا احساس کرے۔

