حکومت کے 15 اور ہمارے 5 ارکان، ایسے اجلاس میں بیٹھنے کا فائدہ نہیں. بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے انتخابی اصلاحات کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن کی برابر نمائندگی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیرجانبدار انتخابی اصلاحات کے لیے دونوں فریقوں کو یکساں نمائندگی دی جانی چاہیے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ’’آپ کے 15، ہمارے 5، ایسے بیٹھنے سے تو نہ بیٹھنا بہتر ہے ‘‘ انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات غیرجانبدار اور عوامی امنگوں کے مطابق ہونی چاہئیں ، بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بیرونی انتشار کا پوری قوم مل کر مقابلہ کرتی ہے، تاہم اندرونی انتشار ملک کو زیادہ نقصان پہنچاتا ہے ، سیاسی رہنماؤں کو چاہیے کہ ملک میں کشیدگی بڑھانے کے بجائے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

مولانا فضل الرحمان کی تقریر سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ تقریر میں بعض الفاظ ادا نہ کیے جاتے تو بہتر تھا، تاہم اس کے جواب میں جس انداز سے حملے کیے گئے وہ بھی نامناسب ہیں۔ ملک میں تناؤ پہلے ہی بہت زیادہ ہے، اس لیے مزید کشیدگی سے گریز کرنا چاہیے ، پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت ریڈ لائن کراس کرنے والی نہیں، ان کا مؤقف ہے کہ پاکستان اور ریاست پہلے ہیں۔

سیاسی قیادت اور جمہوریت کو نقصان پہنچانے والے اقدامات سے اجتناب کرنا چاہیے ، واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی دعوت پر پاکستان تحریک انصاف انتخابی اصلاحات کے معاملے پر تعاون کے لیے آمادہ ہوگئی ہے، جبکہ اس حوالے سے باضابطہ جواب آئندہ چند روز میں دیے جانے کا امکان ہے۔

مجوزہ انتخابی اصلاحات کمیٹی 2024 کے عام انتخابات، ضمنی انتخابات، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے انتخابات کا جائزہ لے گی ، انتخابی عمل میں دھاندلی ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔