واشنگٹن (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی نمایاں کامیابی کے بعد وائٹ ہاؤس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت سے متعلق دلچسپ پیغام جاری کردیا ، برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق وائٹ ہاؤس کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک تصویر شیئر کی گئی، جس میں وہ صدارتی میز پر ہاتھ رکھے سامنے دیکھ رہے ہیں۔
تصویر کے ساتھ انگریزی میں کیپشن درج تھا کہ ’’عوامی اطلاع ، ٹرمپ اب بھی آپ کے صدر ہیں ‘‘ واضح رہے کہ 3 نومبر کو ہونے والے امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس نے کامیابی حاصل کرکے کانگریس کے دونوں ایوانوں میں اکثریت حاصل کرلی، جبکہ ریپبلکن جماعت کو متعدد نشستوں پر نقصان اٹھانا پڑا۔
اس سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی نتائج پر ردعمل دیتے ہوئے تسلیم کیا تھا کہ ڈیموکریٹس نے اچھا کام کیا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ خود انتخابی امیدواروں کی فہرست میں شامل ہوتے تو ریپبلکن امیدوار بہتر کارکردگی دکھاتے ، وائٹ ہاؤس کے اس پیغام کو انتخابی نتائج کے تناظر میں صدر ٹرمپ کی آئینی حیثیت اور باقی مدت صدارت کی یاد دہانی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
امریکی آئینی نظام کے تحت وسط مدتی انتخابات میں حکمران جماعت کی شکست سے صدر کی مدت فوری طور پر ختم نہیں ہوتی اور ڈونلڈ ٹرمپ اپنی مقررہ مدت مکمل ہونے تک صدر برقرار رہیں گے۔

