اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) اسلام آباد پولیس نے ڈکیتی اور موٹرسائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث منظم گروہوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا ، پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی چار مسروقہ موٹرسائیکلیں، چھینی گئی نقدی، دیگر مسروقہ سامان، وارداتوں میں مبینہ طور پر استعمال ہونے والا اسلحہ اور گولیاں برآمد کر لیں۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق تھانہ پھلگراں اور تھانہ بنی گالہ کی پولیس ٹیموں نے کارروائیاں کرتے ہوئے ڈکیتی اور موٹرسائیکل چوری کی مختلف وارداتوں میں ملوث پانچ ملزمان کو گرفتار کیا ، ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم کی خصوصی ہدایات پر وفاقی دارالحکومت میں چوری، ڈکیتی، چھینا جھپٹی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ، پولیس ٹیمیں جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری اور شہریوں کو مزید وارداتوں سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر کارروائیاں کر رہی ہیں۔
ڈی آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو ہدایت کی ہے کہ شہریوں کی قیمتی اشیاء چھیننے اور دیگر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے اور ایسے افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ، اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا شخص کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ تھانے یا ایمرجنسی ہیلپ لائن پکار 15 پر دیں۔

