بغیر سفارش شہری اپنے مسائل پیش کریں، ڈی آئی جی اسلام آباد کا اہم اعلان

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) اسلام آباد علی وسیم نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی اور اپنے مسائل و شکایات پیش کیں ، ڈی آئی جی اسلام آباد نے شہریوں کی شکایات اور تحفظات تفصیل سے سنے اور ان کے فوری حل کے لیے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ضروری احکامات جاری کیے۔

اس موقع پر ڈی آئی جی علی وسیم نے کہا کہ شہریوں کے مسائل میرٹ پر اور فوری حل کرنا اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے ، شہری بغیر کسی سفارش یا ریفرنس کے براہِ راست کھلی کچہری میں آ کر اپنی شکایات پیش کر سکتے ہیں ، انہوں نے بتایا کہ شہریوں کو سہولت فراہم کرنے اور ان کی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنانے کے لیے ڈی آئی جی آفس میں روزانہ کھلی کچہری کا انعقاد کیا جاتا ہے۔