لاہور (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اتفاق رائے کے بعد سیاسی منظرنامہ تیزی سے تبدیل ہوگا خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نئے انتظامی یونٹس یا صوبوں کے قیام سے کسی کی سیاست کو خطرہ نہیں، بلکہ یہ پاکستان کے لیے خوش آئند پیش رفت ہوگی۔
وزیر دفاع نے واضح کیا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر بات کرنے کے لیے اسٹیبلشمنٹ نے کبھی نہیں کہا، جبکہ نئے انتظامی یونٹس یا صوبے بنانے کا طریقہ کار بھی انہیں معلوم نہیں ، انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو نئے صوبوں کی مخالفت نہیں کرنی چاہیے، اگر وہ اس معاملے پر راضی ہوجائیں تو ان کے لیے بھی سیاسی مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ملاقاتوں میں مثبت پیش رفت ہو رہی ہے، سیاست ممکنات کا نام ہے، تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے اور امید ہے کہ کوئی حل نکل آئے گا ، وزیر دفاع نے مزید کہا کہ آئندہ چند ہفتوں میں تمام خدشات اتفاق رائے میں تبدیل ہوجائیں گے، جبکہ نئے سال میں نیا نظام بھی آسکتا ہے۔

