اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہر پاکستانی ذیابیطس سے بچاؤ، بروقت تشخیص اور صحت مند طرزِ زندگی کو قومی ترجیح بنائے ، صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں 2024 کے دوران 3 کروڑ 45 لاکھ بالغ افراد ذیابیطس کے مرض میں مبتلا تھے، جبکہ مریضوں میں سے ایک چوتھائی سے زائد افراد کو اپنی بیماری کی تشخیص ہی نہیں ہوئی تھی۔
ذیابیطس کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ ہر پاکستانی ذیابیطس سے بچاؤ، بروقت تشخیص اور صحت مند طرزِ زندگی کو قومی ترجیح بنائے ، آصف علی زرداری نے کہا کہ اس سال ذیابیطس کے عالمی دن کا موضوع ’’ذیابیطس کے خلاف بروقت اقدام‘‘ ہے۔ بروقت اقدامات قیمتی انسانی جانیں بچانے اور بیماری کی سنگین پیچیدگیوں سے محفوظ رہنے کے لیے ضروری ہیں۔
صدر مملکت کے مطابق پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تشخیص نہ ہونا تشویش ناک صورت حال ہے، جو مسلسل اور مؤثر اقدامات کی متقاضی ہے ، انہوں نے کہا کہ عوامی آگاہی کا پیغام پورا سال ہر طبقے اور ہر کمیونٹی تک پہنچنا چاہیے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں، طبی ماہرین، ذرائع ابلاغ اور سول سوسائٹی ذیابیطس سے بچاؤ کے لیے آگاہی مہمات کا انعقاد کریں۔
صدر آصف علی زرداری نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ میٹھے مشروبات، زیادہ چینی اور غیر صحت بخش چکنائی والی غذاؤں سے پرہیز کریں اور چہل قدمی، ورزش اور کھیلوں کو اپنے روزمرہ معمولات کا حصہ بنائیں ، انہوں نے کہا کہ بچوں میں صحت مند عادات کو فروغ دینا والدین اور تعلیمی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ ذیابیطس سے بچاؤ کے لیے کوششوں کا دائرہ پورے ملک تک پھیلانے کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ کے لیے معاون عوامی پالیسیوں کی بھی ضرورت ہے، ذیابیطس کے عالمی دن، 14 نومبر 2026 کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اس دن کے موقع پر عالمی برادری کے ساتھ مل کر ذیابیطس کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات اور باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال ذیابیطس کا عالمی دن ’’ذیابیطس کے خلاف بروقت اقدامات‘‘ کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، جو بیماری کی پیچیدگیوں سے بچاؤ کے لیے بروقت اسکریننگ اور طبی علاج کی اہمیت اجاگر کرتا ہے ، وزیراعظم کے مطابق ذیابیطس دنیا بھر میں صحتِ عامہ کا ایک بڑا چیلنج ہے، جس سے لاکھوں افراد متاثر ہو رہے ہیں ، پاکستان میں بھی اس مرض کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بروقت تشخیص اور علاج کی سہولیات تک رسائی بڑھانا ضروری ہے۔
شہباز شریف نے بتایا کہ ذیابیطس کی روک تھام اور کنٹرول کے لیے وزیراعظم ذیابیطس روک تھام اور کنٹرول پروگرام مرتب کیا گیا ہے، جس کے تحت وفاقی حکومت نے 6.8 ارب روپے مختص کیے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد ابتدائی مرحلے میں ذیابیطس کی تشخیص کے لیے اسکریننگ کا دائرہ وسیع کرنا، بنیادی طبی سہولیات بہتر بنانا اور تشخیص و علاج تک عوام کی رسائی بڑھانا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ، عوامی آگاہی اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان مؤثر اشتراکِ عمل کو بھی ترجیح دی جا رہی ہے ، اپنے پیغام میں وزیراعظم نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ صحت مند طرزِ زندگی اپنائیں، متوازن اور غذائیت سے بھرپور غذا استعمال کریں، ورزش کو معمول بنائیں اور باقاعدگی سے طبی معائنے اور اسکریننگ کروائیں ، انہوں نے بروقت مستند معالج سے طبی مشورہ لینے کی بھی اپیل کی۔

