کراچی (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کا سسٹم تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے تباہ کرایا گیا ہے، اگر نظام تباہ ہوا ہے تو اس کا علاج ری سیٹ میں ہے، تاہم ہمیں غیر سیاسی نہیں بلکہ سیاسی ری سیٹ کی ضرورت ہے۔
کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام بالکل تباہ ہوچکا ہے، لیکن اس کی وجوہات پر کوئی بات نہیں کر رہا، سسٹم کو دوبارہ ترتیب دینا ہوگا تاکہ ہر حقدار کو اس کا حق مل سکے ، انہوں نے اعتراف کیا کہ نظام کے کولیپس ہونے میں وہ بھی ذمہ دار ہیں ، چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سب سے پہلے عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد بحال کرنا ہوگا، ہر ادارے نے عوام کا جو اعتماد کھویا ہے اسے دوبارہ حاصل کرنا ضروری ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میڈیا اور پارلیمان ملک کے اہم ترین اداروں میں شامل ہیں، پارلیمان پاکستان کا طاقتور ادارہ ہے جہاں اختلاف رائے ہونا چاہیے ، پارلیمان میں ہر مسئلے پر اختلاف کیا جا سکتا ہے، تاہم مسئلہ یہ ہے کہ اپوزیشن کو پارلیمان پر اعتماد نہیں، اس اعتماد کو بحال کرنے کی سب سے بڑی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے میڈیا کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاید تاریخ میں پاکستانی میڈیا اتنا کمزور کبھی نہیں ہوا جتنا آج ہے ، صحافی اگر اس خوف میں مبتلا ہوں کہ سچ بولنے پر ان کے خلاف کارروائی ہوگی تو وہ اپنا کام کیسے کر سکیں گے؟ صحافیوں کو وہ طاقت اور آزادی ملنی چاہیے جو ان کا بنیادی حق ہے۔
معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اتنے خراب معاشی حالات نہیں دیکھے ، جس تیزی سے مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے، عام آدمی کے لیے گزارہ کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے ، ان کا کہنا تھا کہ انہیں غریب اور پسماندہ طبقے کے مستقبل کی شدید فکر ہے، ملک کے سیاستدان عوامی مسائل کو بھول چکے ہیں اور نفرت و تقسیم کی سیاست میں مصروف ہیں، جبکہ عوام کو درپیش حقیقی مسائل پر توجہ نہیں دی جا رہی۔

