فیروزوالہ (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) شیخوپورہ کے علاقے فیروز والا میں مبینہ زہریلے نوڈلز کھانے سے دو کمسن بہنیں جاں بحق ہو گئیں، انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ نجی بیکری کو سیل کر دیا ، اسسٹنٹ کمشنر، ایس ایچ او فیروزوالہ اور محکمہ فوڈ کی ٹیم نے نجی بیکری پر چھاپہ مارا، جہاں سے ایکسپائرڈ بوتلیں، جوس اور دیگر کھانے پینے کی اشیا برآمد ہوئیں۔
انتظامیہ کے مطابق بیکری کو سیل کر دیا گیا ہے جب کہ محکمہ فوڈ کی جانب سے مزید کارروائی اور تحقیقات جاری ہیں ، واقعے میں جاں بحق ہونے والی پانچ سالہ جنت اور سات سالہ مہک کی متاثرہ بہن عیشا افضال نے بتایا کہ تقریباً ایک ماہ قبل خریدے گئے نوڈلز رات کو پکا کر کھائے تھے۔
نوڈلز کھانے کے بعد جوس بھی پیا، جس کے کچھ ہی دیر بعد اچانک الٹیاں شروع ہوگئیں، طبیعت خراب ہونے پر تینوں بہنوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ، تاہم پانچ سالہ جنت اور سات سالہ مہک جانبر نہ ہو سکیں جب کہ عیشا افضال کی جان بچ گئی ، واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

