آزاد کشمیر حکومت کا 100 روزہ پلان، صحت، تعلیم اور سیاحت سمیت مختلف منصوبوں کے لیے 15 ارب روپے مختص

مظفرآباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) آزاد کشمیر حکومت نے 100 روزہ پلان کی تفصیلات جاری کردیں، منصوبے میں صحت، تعلیم، سیاحت، روزگار اور دیگر شعبوں کے لیے 15 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں ، وزراء حکومت ڈاکٹر مصطفےٰ بشیر، وقار نور، عمیر نعیم اور دیگر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے 100 روزہ پلان کے خدوخال سے آگاہ کیا۔

وزیر صحت ڈاکٹر مصطفےٰ بشیر نے بتایا کہ صحت کارواں پروگرام کے تحت 70 موبائل ہسپتال یونٹس فراہم کیے جائیں گے، 20 ماڈل بنیادی مراکز صحت اور 10 رورل ہیلتھ سینٹرز قائم ہوں گے جبکہ باغ میں جدید محمد نواز شریف کارڈیک ہسپتال بنایا جائے گا ،انہوں نے بتایا کہ تین شہروں میں کیتھ لیبز اور تین شہروں میں اسٹروک سینٹرز قائم کیے جائیں گے، نیلم اور باغ میں ریسکیو 1122 یونٹس بھی قائم ہوں گے جبکہ مظفرآباد میں اربن ڈرینیج اور فلڈ پروٹیکشن منصوبہ شروع کیا جائے گا۔

تعلیم کے شعبے میں آؤٹ آف سکول بچوں کے لیے درسگاہ پروگرام شروع ہوگا، آزاد کشمیر میں پانچ دانش سکول تعمیر کیے جائیں گے جبکہ مظفرآباد میں دانش یونیورسٹی قائم کی جائے گی۔

طلباء میں میرٹ پر پانچ ہزار لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے اور کامیاب و قائداعظم سکالرشپ پروگرام بھی شروع ہوں گے ، پلان کے تحت سات شہروں میں 75 گرین الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی، نوجوانوں کو بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے جبکہ اپنا گھر پروگرام کے تحت بے گھر افراد کو بھی بلاسود قرضے دیئے جائیں گے۔

دھی رانی پروگرام کے تحت مستحق بیٹیوں کی اجتماعی شادیاں کرائی جائیں گی ، وزراء کے مطابق آزاد کشمیر کے 10 اضلاع میں ستھرا کشمیر پروگرام شروع ہوگا جبکہ ستھرا مظفرآباد، میرپور اور راولاکوٹ منصوبے کا بھی آغاز کیا جائے گا ، ڈسکور اے جے کے پروگرام کے تحت سیاحت کو فروغ دیا جائے گا، 26 گیسٹ ہاؤسز اور 32 ٹک شاپس کی تزئین و آرائش کی جائے گی۔

100 روزہ پلان میں اے جے کے ون پورٹل کے ذریعے سرکاری خدمات کو ڈیجیٹل بنانے اور سرسبز شاہراہ پروگرام کے تحت شجرکاری کے منصوبے بھی شامل ہیں۔