اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات مکمل ہوگئے، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت سے مذاکرات کا عمل کامیابی سے مکمل ہوا، آج وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی ہوئی ، وزیراعظم ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پرامن تحریک چلائی، ہماری اور حکومتی کمیٹیوں نے مل کر ڈرافٹ تیار کیا تھا، اپنی مذاکراتی کمیٹی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے بتایا ہے کہ 2 کروڑ افراد ریلیف پیکیج سے مستفید ہو رہے ہیں، 800 سے 1000 سی سی تک گاڑیوں کو ریلیف دیا گیا ہے جبکہ زراعت کے شعبے میں ساڑھے 12 ہزار ایکڑ تک زمین رکھنے والے کسانوں کو ڈیزل ریلیف پیکیج میں شامل کیا جائے گا۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم لیوی اہم مسئلہ ہے، لیوی میں کمی کے حوالے سے بات ہوئی ہے، بجٹ تک اس معاملے پر ورکنگ مکمل کرنے کا کہا ہے، اگلا بجٹ لیوی پر انحصار کرکے نہیں بنایا جانا چاہیے۔ لیوی پر ونڈ فال کا اثر 80 روپے سے کم ہو کر 63 روپے تک آگیا ہے ، امیر سیاسی پارٹی جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت نے تسلیم کیا ہے کہ 1600 سی سی سے زائد گاڑیاں سرکاری استعمال میں نہیں لائی جائیں گی۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آئی پی پیز سے متعلق معاملہ بھی معاہدے میں شامل کرایا گیا ہے، آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظرثانی سے بجلی کے بلوں میں کمی آئی ہے، گزشتہ دو سال میں بجلی کے بلوں میں 30 فیصد کمی ہوئی ہے ، انہوں نے کہا کہ معاہدے پر اتفاق کیا ہے لیکن اپنے بہت سے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے، معاہدے پر عملدرآمد کی نگرانی کے لیے کمیٹیاں موجود رہیں گی اور جائزہ لیا جاتا رہے گا۔
حکومت اپنے اخراجات کم کرے گی اور شرح سود میں کمی کی جائے گی ، حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ گندم، چینی اور گیس کے مسائل پر بھی جماعت اسلامی آواز اٹھائے گی، گندم پورے ملک میں مہنگی ہوتی جا رہی ہے، حکومت کے چار مطالبات مان لینے کا مطلب یہ نہیں کہ تمام مطالبات تسلیم کر لیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زراعت کا شعبہ ترقی نہیں کر رہا، یہ پنجاب حکومت کی ناکامی ہے، بینکوں کے سود کے خلاف سڑکوں پر نکلیں گے، ایک دو روز میں پریس کانفرنس کرکے معاہدے کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے ، امیر سیاسی پارٹی جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ 29 نومبر کو لاہور میں تاریخی جلسہ ہوگا، مینار پاکستان پر جلسے میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔

