راولپنڈی (سپیشل رپورٹر) لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار نے پاکستان کے دو روزہ دورے کے دوران جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال اور سیکیورٹی کے شعبے میں پاکستان اور لبنان کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے سیکیورٹی اداروں کے درمیان ادارہ جاتی روابط اور باہمی تعاون مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ فریقین نے سیکیورٹی کے مختلف شعبوں میں رابطوں کو مزید مؤثر بنانے اور دوطرفہ تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی بات چیت کی ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لبنان کے ساتھ پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
لبنانی وزیر داخلہ احمد الحجار نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا ، انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کا بھی اعتراف کیا ، ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون اور ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

