آئین تمام شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا ضامن ہے. وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) پاکستان آج دنیا بھر کے دیگر ممالک کے ساتھ عالمی یومِ جمہوریت منا رہا ہے ، اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آئینِ پاکستان ملک کے تمام شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا ضامن ہے ، وزیراعظم نے کہا کہ عالمی یومِ جمہوریت جمہوریت کے بنیادی اصولوں، مساوات، انصاف اور آزادی کے فروغ کے ساتھ عوامی رائے کے احترام، انسانی وقار کے تحفظ اور قانون کی حکمرانی سے وابستگی کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔

محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جمہوری نظام میں ریاستی اختیارات عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے عوامی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں، جبکہ پارلیمان ملک کا بنیادی جمہوری ادارہ ہے جو عوام کی نمائندگی کرتا ہے ، انہوں نے کہا کہ آئینِ پاکستان ریاست اور شہریوں کے باہمی تعلق کو قانونی بنیاد فراہم کرتا ہے۔ آئین کا آرٹیکل 25 تمام شہریوں کو مساوی حقوق اور قانون کی نظر میں برابری کی ضمانت دیتا ہے، جبکہ آئینی نظام وفاقی اکائیوں، قومی اداروں اور ریاستی نظم و نسق کے بنیادی خدوخال بھی واضح کرتا ہے۔

وزیراعظم کے مطابق پاکستان کا وفاقی پارلیمانی جمہوری نظام عوامی مفاد اور اسلامی اصولوں کے مطابق قانون سازی کا اختیار پارلیمان کو دیتا ہے۔ بدلتے ہوئے حالات اور عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے قوانین بنانا پارلیمنٹ کی اہم ذمہ داری ہے ، انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے اور ملک کے بہتر و خوشحال مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے کہ عوامی فلاح سے جڑی بنیادی جمہوری اقدار کو مضبوط بنایا جائے۔

وزیراعظم نے خواتین کی سیاسی اور قومی زندگی میں شرکت کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ آئینِ پاکستان قومی زندگی کے مختلف شعبوں میں خواتین کی بھرپور شمولیت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ اسی مقصد کے تحت وفاقی اور صوبائی قانون ساز اداروں میں خواتین کے لیے مخصوص نشستیں رکھی گئی ہیں ، محمد شہباز شریف نے کہا کہ ریاست اقلیتوں کے حقوق، مفادات اور فرائض کے تحفظ کی ذمہ دار ہے۔ وفاقی و صوبائی قانون ساز اداروں میں غیر مسلم اقلیتوں کے لیے مخصوص نشستیں بھی ان کی نمائندگی یقینی بنانے کا اہم ذریعہ ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی سطح پر اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے اور جمہوری اصولوں کی حمایت کرتا ہے۔ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف، بالخصوص امن، انصاف، جمہوریت کے فروغ اور مضبوط اداروں کے قیام کے لیے پاکستان اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے ، انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ عالمی یومِ جمہوریت کے موقع پر ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ جمہوری اقدار، مؤثر پارلیمانی روایات اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور پاکستان کے لیے ایک خوشحال مستقبل کی بنیاد مضبوط کی جائے گی۔