نارووال (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو فساد اور لانگ مارچ نہیں، امن و استحکام کی ضرورت ہے ، اپنے آبائی حلقے نارووال میں ٹیکنیکل کالج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان کو آج فساد اور لانگ مارچ کی نہیں بلکہ اتحاد، امن اور استحکام کی ضرورت ہے، نوجوان ملک میں امن، استحکام اور اتحاد کی آواز بنیں۔
اُنہوں نے کہا کہ اگر کسی ملک کی ٹی وی سکرین پر مارا ماری اور بدامنی کے مناظر دکھائی دے رہے ہوں تو کیا بین الاقوامی سرمایہ کار ایسے ملک کا رخ کرے گا؟ بین الاقوامی سرمایہ کار اسی ملک میں جاتا ہے جہاں امن اور استحکام ہو ، وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کا فرض ہے کہ پاکستان کے امن، استحکام اور اتحاد کی آواز بنیں، اگر کوئی ہمیں لڑانا چاہتا ہے تو ایسی آوازوں کو مسترد کریں۔ صرف اس آواز کے ساتھ چلیں جو پاکستان کو ایک قوم بنائے اور پاکستان کو زندہ باد کرے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہمارا مشن پاکستان کو دنیا کی بہترین معیشت بنانا ہے ، اس مقصد کے لیے پاکستان کے نوجوانوں کو مرغیاں، کٹیاں، کٹیا اور انڈے دینے کے بجائے بہترین تعلیم اور ٹیکنیکل تعلیم فراہم کرنا ہوگی ، ان کا مزید کہنا تھا کہ نوجوان بہترین معمار بن کر اپنے لیے بھی سرمایہ افتخار اکٹھا کریں، ہم سب کے لیے باعثِ فخر بنیں اور پاکستان کی پہچان بنیں۔

