کوہاٹ پولیس لائنز مسجد حملہ، اقوام متحدہ، قطر، سعودی عرب اور ایران کی شدید مذمت

لاہور (بیورو رپورٹ) کوہاٹ پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے حملے کی اقوام متحدہ، قطر، سعودی عرب اور ایران نے شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے ، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کوہاٹ میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں۔

قطری وزارت خارجہ نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قطر ہر قسم کی دہشت گردی، تشدد اور جرائم کو مسترد کرتا ہے۔ وزارت خارجہ کے مطابق عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانا ناقابل قبول ہے ، قطر نے حملے میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ، پاکستانی حکومت اور عوام سے تعزیت کا اظہار کیا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران دہشت گردی اور انتہا پسندی کی تمام شکلوں کو مسترد کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عام شہریوں کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں کا کوئی جواز نہیں بنتا ، اسماعیل بقائی نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے خطے کے ممالک کے درمیان تعاون اور باہمی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس سے قبل سعودی وزارت خارجہ نے بھی خیبرپختونخوا میں مسجد کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی تھی۔ سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے حملے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلخانہ، حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

سعودی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی عرب ہر قسم کی دہشت گردی، انتہا پسندی اور تشدد کے خلاف برادر اسلامی ملک پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔