Hanif Abbasi CapitalNewsPoint.com

حنیف عباسی کی کوہاٹ پولیس لائنز مسجد دھماکے کی شدید مذمت

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کوہاٹ پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں محمد حنیف عباسی نے کہا کہ مسجد جیسے مقدس مقام پر نمازیوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت اقدام ہے ، ان کا کہنا تھا کہ معصوم شہریوں کی جانوں کو نشانہ بنانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور دہشت گردی کے ذریعے ملک میں امن و امان کو متاثر کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دی جائیں گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ ملک میں امن کے قیام کے لیے سکیورٹی اہلکاروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں جبکہ شہداء کی قربانیاں دہشت گردی کے خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

محمد حنیف عباسی نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور ان کے اہلخانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے بھی دعا کی ، وفاقی وزیر نے سوگوار خاندانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔