روس یورپی ہمسایہ ممالک سے تعلقات معمول پر لانے کیلئے تیار ہے. پوتن

ماسکو (ویب ڈیسک) روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ ماسکو اپنے یورپی ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعاون اور دوطرفہ تعلقات کی بحالی کے لیے تیار ہے ، روسی صدر نے یہ بیان فوجی صنعتی کمیشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیا، جہاں ملک کے نئے سرکاری اسلحہ پروگرام اور دفاعی صلاحیتوں سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔

ولادیمیر پوتن نے کہا کہ روس یورپ کے پڑوسی ممالک کے ساتھ تعاون کو آگے بڑھانے اور باہمی تعلقات کو دوبارہ معمول پر لانے کے لیے آمادہ ہے ، اجلاس میں روس کے نئے سرکاری دفاعی پروگرام کے تحت فضائی دفاعی نظام کو مزید جدید بنانے اور اس کی صلاحیت بڑھانے پر بھی غور کیا گیا ، روسی صدر نے کہا کہ آئندہ دفاعی پروگراموں میں فضائی دفاعی نظام کی جدید کاری اور اسے مزید مؤثر بنانا اہم ترجیحات میں شامل ہوگا۔

ان کے مطابق روس کا فضائی دفاعی نظام اس سطح تک مضبوط ہونا چاہیے کہ وہ مختلف نوعیت کے فضائی اور خلائی حملوں سے ملک کا مؤثر دفاع کرسکے ، پوتن نے مزید کہا کہ جدید فضائی دفاعی نظام میں ایسے تمام ہتھیاروں اور ذرائع کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت ہونی چاہیے جو فضائی یا خلائی حملوں کے لیے استعمال کیے جاسکتے ہیں ، روسی صدر کے مطابق نئے سرکاری اسلحہ پروگرام میں فضائی دفاع کو ایک ترجیحی شعبے کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔