فیصل آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، تعلیم کے بغیر کوئی بھی ملک ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتا ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت کا عمل بھی لازم و ملزوم ہے، سیاسی عدم استحکام کے باعث ماضی میں منصوبے تکمیل تک نہ پہنچ سکے۔
انہوں نے کہا کہ ناخواندگی کی شرح میں کمی لا کر تعلیم کو گھر گھر تک پہنچانا ہوگا، ہمارے ملک میں 63 فیصد خواندگی کی شرح ہے جبکہ دنیا میں یہ شرح 90 فیصد سے زائد ہے ، احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے اڑھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں کیونکہ ماں باپ تعلیم کی اہمیت نہیں سمجھتے، صحت کے معاملے میں بھی ہم لاپروا ہیں اور پاکستان دنیا میں شوگر سے متاثرہ ملکوں میں پہلے نمبر پر ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں بیماری سے پہلے ہی سماجی رویے بہتر کرکے بیماری کو روکنا ہوگا، ہمارے ملک میں آبادی کی شرح میں 2 اعشاریہ 55 فیصد اضافہ ہوچکا ہے، کوئی بھی ملک اس شرح کے ساتھ ترقی نہیں کرسکتا ، احسن اقبال نے سوال کیا کہ کیا آپ نے بھوکے اور ان پڑھ بچوں کی فوج رکھنی ہے یا صحت مند تعلیم یافتہ نسل تیار کرنی ہے؟
انہوں نے کہا کہ پہلے پانچ سالوں میں بچے کا 90 فیصد دماغ مکمل ہوجاتا ہے، ہمیں آگاہی نہیں کہ بچے کے پہلے پانچ سال اہم ترین ہیں، جس میں بچے کو بہترین ماحول فراہم کرنا ضروری ہے۔

