صنعا (ویب ڈیسک) یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ صدارتی لیڈرشپ کونسل کے سربراہ رشاد العلیمی نے حوثی باغیوں کے خلاف ملک گیر فوجی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کردیا ، ٹیلی ویژن پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے رشاد العلیمی نے کہا کہ فوجی کارروائی کا بنیادی مقصد حوثیوں کے زیر قبضہ یمنی علاقوں کو واپس لینا اور ملک بھر میں ریاست اور اس کے اداروں کی عملداری بحال کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج حوثیوں کے زیر قبضہ علاقوں کو واپس لینے اور ریاستی عملداری کو وسیع کرنے کے لیے فوجی کارروائیوں کے آغاز کا اعلان کر رہے ہیں ، رشاد العلیمی نے حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں کے عوام سے اپیل کی کہ وہ یمنی مسلح افواج کے ساتھ مکمل تعاون کریں ، صدارتی لیڈرشپ کونسل کے سربراہ نے کہا کہ حوثیوں کے خلاف فوجی کارروائی کشیدگی کم کرنے کے لیے تمام پرامن مواقع اور راستے ختم ہونے کے بعد شروع کی جارہی ہے۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ یمنی ریاستی افواج جس شہر کو بھی حوثیوں کے قبضے سے آزاد کرائیں گی، وہاں فوری طور پر بحالی اور تعمیر نو کا عمل شروع کیا جائے گا ، رشاد العلیمی نے حوثی جنگجوؤں کو براہ راست پیغام دیتے ہوئے کہا کہ جو بھی شخص ہتھیار ڈال دے گا، اسے محفوظ واپسی اور عام معافی کی ضمانت دی جائے گی۔

