پشاور (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) پشاور کے علاقے دیر کالونی میں کالج روڈ پر نجی اسکول کی چھت گرنے سے 34 بچے اور ایک خاتون ٹیچر جاں بحق جبکہ 51 بچے زخمی ہوگئے ، واقعے کے بعد ریسکیو اداروں، پاک فوج اور دیگر امدادی ٹیموں نے ملبے تلے دبے بچوں اور اسکول کے عملے کو نکالنے کے لیے کارروائیاں شروع کردیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئی تھیں ، لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایل آر ایچ) کے ترجمان محمد عاصم نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 21 بچوں اور ایک خاتون ٹیچر کی لاشیں ہسپتال لائی گئیں، جبکہ زخمی بچوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی ، بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ، ترجمان کے مطابق متاثرہ بچوں کی عمریں 6 سے 14 سال کے درمیان تھیں، جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں چھ بچیاں بھی شامل تھیں۔
خستہ حال عمارت، امدادی کارروائیوں میں مشکلات :
پولیس حکام کے مطابق تین منزلہ نجی اسکول میں تقریباً 110 بچے زیرِ تعلیم تھے اور عمارت کی چھتیں خستہ حال تھیں ، اسکول تنگ گلیوں میں واقع ہونے کے باعث امدادی ٹیموں کو کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، پولیس کے مطابق اسکول کی ایک چھت دوسری چھت پر گرنے سے عمارت کا بڑا حصہ منہدم ہوگیا، جس کے نتیجے میں متعدد بچے ملبے تلے دب گئے۔
ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے اور اسکول کے مالک کو حراست میں لے لیا گیا ہے ، حکام نے بتایا کہ مالک کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔
ابتدائی رپورٹ میں اہم انکشافات :
اسکول کی عمارت گرنے سے متعلق ابتدائی رپورٹ کے مطابق عمارت پہلے سے خستہ حال تھی ، رپورٹ میں بتایا گیا کہ پہلے ایک کمرے کی چھت گری، جس کے بعد امدادی کارروائیوں کے لیے لوگوں کی آمد اور رش بڑھنے پر اسکول کی باقی عمارت بھی منہدم ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق اسکول میں بعض بچوں کے لیے رہائش کی سہولت بھی موجود تھی ، اسکول قریبی مسجد کے امام کی ملکیت بتایا گیا ہے، جہاں دینی اور دنیاوی تعلیم دی جارہی تھی ، واقعے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر پشاور نے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے اور کمیٹی سے ایک روز میں رپورٹ طلب کی گئی ہے۔
پاک فوج اور ریسکیو اداروں کا امدادی آپریشن :
حادثے کے بعد پاک فوج کے جوانوں نے دیگر ریسکیو اور امدادی اداروں کے ساتھ مل کر کارروائیوں میں حصہ لیا ، امدادی ٹیموں نے ملبے سے بچوں اور اسکول کے دیگر عملے کو نکال کر ہسپتال منتقل کیا۔
صدر، وزیراعظم اور سیاسی رہنماؤں کا اظہارِ افسوس :
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پشاور میں اسکول کی چھت گرنے کے المناک واقعے میں بچوں اور اساتذہ کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ، انہوں نے کہا کہ اس دلخراش سانحے نے پوری قوم کو صدمے سے دوچار کردیا ہے ، صدر مملکت نے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا ، وزیراعظم شہباز شریف نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی بچوں کی اموات پر دکھ کا اظہار کیا اور واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کی ہدایت کی ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسکول میں پیش آنے والے حادثے کی اندوہناک خبر سے انہیں انتہائی صدمہ پہنچا ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے معصوم بچوں کے زخمی ہونے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہیں ، انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمی بچوں کو بہترین اور بروقت طبی سہولیات فراہم کی جائیں ، حادثے کی حتمی وجوہات اور ذمہ داری کا تعین انکوائری مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔

