ممبئی (ویب ڈیسک) بالی وڈ اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں تین ملزمان کو بھارتی ریاست راجستھان سے گرفتار کرلیا گیا ، بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزمان فائرنگ کے واقعے کے بعد ٹرین کے ذریعے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں کوٹا ریلوے اسٹیشن سے گرفتار کرلیا۔
رپورٹس کے مطابق گرفتار ملزمان میں سے دو کا تعلق ریاست ہریانہ جبکہ ایک کا تعلق بہار سے ہے ، ملزمان کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ ان کا تعلق لارنس بشنوئی گینگ سے ہے، تاہم اس حوالے سے پولیس کی جانب سے سامنے آنے والی تفصیلات اہم ہوں گی۔
مزید پڑھیں : ٹائیگر شروف بھی مبینہ طور پر بشنوئی گینگ کے نشانے پر، وجہ سلمان خان سے تعلق
جوہو میں ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ :
واضح رہے کہ ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ ممبئی کے علاقے جوہو میں پیش آیا تھا، جب اداکار فٹ بال کھیلنے کے بعد وہاں سے روانہ ہو رہے تھے ، نامعلوم حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر 3 سے 4 گولیاں چلائی تھیں۔
فائرنگ کے واقعے میں ٹائیگر شروف محفوظ رہے، تاہم ان کے ڈرائیور سمیت دو افراد زخمی ہوگئے تھے ، واقعے کے بعد ممبئی پولیس نے تحقیقات شروع کرتے ہوئے حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائیاں کیں ، تین ملزمان کی گرفتاری کو اس کیس میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ واقعے میں ان کے مبینہ کردار اور لارنس بشنوئی گینگ سے تعلق کی مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔
مزید پڑھیں : ٹائیگر شروف پر فائرنگ، اداکار بال بال بچ گئے، ڈرائیور سمیت 2 افراد زخمی

