راولپنڈی (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی راولپنڈی چیمبر آف کامرس کادورہ کیا اور ڈی سی بزنس فیسیلیٹیشن ڈیسک کا افتتاح کیا، چیمبر آمد پر صدر نوشیروان خلیل خان ، پیٹرن ان چیف آر سی سی آئی سہیل الطاف، سینئر نائب صدر وسیم اسلم، نائب صدر اکرام عباسی، سابق صدور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران نے پرتپاک استقبال کیا۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے تاجر برادری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشی ترقی کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، کاروباری برادری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، میں چاہتا ہوں کہ کاروباری برادری آزادی کے ساتھ کاروبار کرے، بزنس فیسیلٹیشن ڈیسک میں ڈی سی آفس کا نمائندہ موجود ہو گا۔جہاں کاروباری برادری کو درپیش مسائل اور روزانہ موصول ہونے والی شکایات کے فوری ازالے کی اور یقین دہانی کرائی کہ کاروباری برادری کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور کسی بھی فوری نوعیت کے مسئلے پر ان سے براہ راست فون کے ذریعے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب راولپنڈی میں صنعتی و کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں گہری دلچسپی رکھتی ہے اور راولپنڈی رنگ روڈ کے اطراف انڈسٹریل زون کا قیام حکومتی ترجیحات میں شامل ہے ، کاروباری برادری کو سہولیات کی فراہمی، صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
صدر نوشیروان خلیل خان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کاروباری طبقے کو سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کو سراہاتے ہیں ، وفد نے بالخصوص سہولت ڈیسک کے ذریعے این او سی کے معاملات تین دن میں نمٹانے کے اقدام اور بغیر اجازت کسی بھی کاروبار کو سیل نہ کرنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ سمارٹ لاک ڈاون کے تحت کاروباری اوقات میں توسیع دی جائے، اور پنجاب بھر میں یکساں اوقات مقرر کیے جائیں، پیٹرن ان چیف آر سی سی آئی سہیل الطاف نے کہا کہ ڈی سی ڈیسک سے بزنس کمیونٹی کو زیادہ سے زیادہ سہولت دی جائے گی اور ہم چاہیں گے کہ باقی محکموں کے بھی ہیلپ ڈیسک چیمبر میں لا سکیں، ڈی سی ریٹ کو حقیقت پسندانہ بنایا جائے اور جہاں زیادہ ہیں وہاں کم کیے جائیں، رنگ روڈ کے اطراف اکنامک زونز پر پیش رفت تیز کرنے کی ضرور ت روات انڈسٹریل اسٹیٹ کی رابطہ سڑک پر بھی کام شروع کیا جائے تاکہ انڈسٹری فعال انداز میں چلے.

