اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) سینیٹ اجلاس میں سابق بیوروکریٹس کے بچوں کو بلیو پاسپورٹ کی سہولت حاصل ہونے کا انکشاف ہوا ہے، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے سینیٹ کمیٹی میں اس معاملے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ سابق بیوروکریٹس کے خاندانوں کو حاصل یہ سہولت ختم کرنے کے لیے حکومت نیا بل لائے گی۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ 30 ہزار پاسپورٹس کی تعداد کم کی گئی، تاہم ان میں کسی پارلیمنٹیرین کا پاسپورٹ شامل نہیں تھا، انہوں نے کہا کہ موجودہ بل واپس لے کر نیا بل پیش کیا جائے گا، جس میں سابق بیوروکریٹس کے خاندانوں کی یہ سہولت ختم کرنے کی تجویز شامل ہوگی ، سینیٹر عامر ولی الدین چشتی نے مطالبہ کیا کہ تصدیق کا اختیار وزارت داخلہ کے بجائے پارلیمنٹ اور سینیٹ کو دیا جائے، جبکہ سینیٹر دلاور خان نے کہا کہ بلیو پاسپورٹ وزارت کی جانب سے ہی جاری کیے گئے ہیں اور کسی ملک کی جانب سے اعتراض سامنے آنے پر فوری انکوائری ہونی چاہیے۔
سینیٹر عابد شیر علی نے طلال چوہدری سے ایوان میں غلط بیانی نہ کرنے کا مطالبہ کیا، جس پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے وزیر مملکت کے بارے میں کہے گئے بعض الفاظ حذف کرا دیے ، وزیر قانون نے کہا کہ بلیو پاسپورٹ کے معاملے سے زیادہ اہم عوامی نوعیت کے امور ایجنڈے پر موجود ہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ این او سی سے متعلق معاملہ چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر نے وزیر داخلہ کے ساتھ مل کر حل کر دیا ہے۔

