معروف شخصیات بھی محفوظ نہیں؟ ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے واقعے پر سنیل شیٹی کا ردعمل

ممبئی (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) بالی وڈ کے سینئر اداکار سنیل شیٹی نے اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا واقعہ پیش نہیں آنا چاہیے تھا ، ان کا کہنا ہے کہ اگر ٹائیگر شروف اور جیکی شروف جیسی معروف شخصیات کے ساتھ ایسا ہوسکتا ہے تو یہ کسی کے ساتھ بھی پیش آسکتا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سنیل شیٹی نے کہا کہ پوری دنیا ٹائیگر شروف اور جیکی دادا سے محبت کرتی ہے ، انہوں نے کہا کہ ٹائیگر کھیلوں اور ورزش پر بھرپور توجہ دیتے ہیں، تاہم انہیں معلوم نہیں کہ یہ واقعہ کیسے پیش آیا ، سنیل شیٹی کا کہنا تھا کہ لوگوں کی حفاظت انتہائی اہم ہے اور ایسے واقعات نہیں ہونے چاہئیں ، انہوں نے جیکی شروف کو اپنا بچپن کا دوست قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ معاملہ جلد معمول پر آجائے گا۔

مزید پڑھیں : فائرنگ کے بعد ٹرین سے فرار کی کوشش ناکام، ٹائیگر شروف کیس کے تین ملزمان گرفتار

سینئر اداکار نے اطمینان کا اظہار کیا کہ ٹائیگر شروف فائرنگ کے واقعے میں محفوظ رہے ، ان کے مطابق اداکار کے ڈرائیور زخمی ہوئے تھے، تاہم اب وہ صحت یاب ہو رہے ہیں ، واضح رہے کہ ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ دو روز قبل ممبئی کے علاقے جوہو میں پیش آیا تھا، جب اداکار فٹ بال کھیلنے کے بعد وہاں سے روانہ ہو رہے تھے ، نامعلوم حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر 3 سے 4 گولیاں چلائی تھیں۔

واقعے میں ٹائیگر شروف محفوظ رہے، جبکہ ان کے ڈرائیور سمیت دو افراد زخمی ہوگئے تھے ، بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں تین ملزمان کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے، تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

مزید پڑھیں : ٹائیگر شروف پر فائرنگ، اداکار بال بال بچ گئے، ڈرائیور سمیت 2 افراد زخمی