لاہور (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب سے چینی ڈپٹی ہیڈ آف مشن نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے دیرینہ تعلقات، چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)، معاشی ترقی، امن و امان، ٹیکنالوجی کی منتقلی، ماحولیاتی تحفظ، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات محض سفارتی روابط تک محدود نہیں بلکہ خاندانوں اور نسلوں کے درمیان محبت، اعتماد اور دوستی کے مضبوط رشتے کی عکاسی کرتے ہیں ، ان کے مطابق سی پیک دونوں ممالک کی دوستی کا تاریخی سنگ میل ہے، جبکہ نواز شریف کی قیادت نے اس منصوبے کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
سینئر صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں 2029 تک کاروبار دوست معاشی تبدیلی لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ، اس مقصد کے لیے برآمدات میں اضافے، مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن اور سرمایہ کاری کے فروغ پر مشتمل جامع حکمت عملی کے تحت کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین کے تعاون سے اگلے سال بین الاقوامی سطح کی ایئر کوالٹی کانفرنس منعقد کی جائے گی ، پنجاب میں فضائی آلودگی کی نگرانی کے اسٹیشنز کی تعداد 69 تک پہنچا دی گئی ہے، جبکہ اسے بڑھا کر 100 کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب میں سموگ پر قابو پانے کے لیے بیجنگ کے کامیاب تجربات سے استفادہ کیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں سال بھر اقدامات جاری رکھے گئے ہیں۔ ماحول دوست ٹیکنالوجی، فضائی آلودگی کی مؤثر نگرانی اور جدید طریقہ کار پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فصلوں کی باقیات جلانے کی حوصلہ شکنی کے لیے سپر سیڈرز اور بیلرز استعمال کیے جا رہے ہیں، جبکہ زرعی باقیات کو معاشی وسائل میں تبدیل کرنے کے لیے جدید طریقوں کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر کے مطابق پنجاب میں گرین انرجی اور الیکٹرک موبلٹی کو فروغ دیا جا رہا ہے ، طلبہ کو ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس کی فراہمی ماحول دوست سفری سہولتوں کی جانب اہم قدم ہے، جس سے صاف توانائی کے استعمال کو بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ لاہور، ملتان اور سرگودھا میں کینسر کے علاج کی سہولتوں کو بہتر بنانے اور ضلعی سطح پر کینسر مراکز قائم کرنے کے لیے کام جاری ہے، انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اصلاحات صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔
چینی ڈپٹی ہیڈ آف مشن نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے پاک چین تعاون کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پنجاب میں مشترکہ ترقیاتی منصوبوں کے وسیع امکانات موجود ہیں ، مریم اورنگزیب نے چینی ڈپٹی ہیڈ آف مشن کی آمد اور تعاون کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا ، ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ معاشی ترقی، ماحولیاتی تحفظ، جدید ٹیکنالوجی، صحت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔

