پاکستان کی دفاعی خود انحصاری کی جانب بڑا قدم، فاعز میزائل کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) پاکستان نے مقامی طور پر تیار کردہ فاعز میزائل کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کر لیا، جسے قومی دفاعی صلاحیتوں اور دفاعی صنعت کی تکنیکی ترقی میں اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے ، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فاعز میزائل جدید ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس ہے اور طویل فاصلے پر فضائی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فاعز میزائل کی شمولیت سے پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیت اور لچک میں نمایاں اضافہ ہوگا ، میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی صنعت کی تکنیکی مہارت، جدت اور خود انحصاری کا مظہر ہے ، ترجمان کے مطابق میزائل کے فلائٹ ٹیسٹ کا مشاہدہ مسلح افواج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا، جنہوں نے اس منصوبے کی تیاری اور کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

فاعز میزائل کے کامیاب تجربے پر صدر مملکت، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور سروسز چیفس نے مبارکباد پیش کی ، آئی ایس پی آر کے مطابق اعلیٰ قیادت نے میزائل کی تیاری میں شامل سائنسدانوں اور انجینئرز کی تکنیکی مہارت، محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے اسے پاکستان کی دفاعی خود انحصاری کی جانب اہم سنگِ میل قرار دیا۔