نئی آٹو پالیسی الگ، استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل امپورٹ پالیسی الگ، صدر APDA نے اہم مطالبہ کر دیا

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) آل پاکستان کار ڈیلرز اینڈ امپورٹرز ایسوسی ایشن (APDA) کے صدر میاں شعیب احمد نے کہا ہے کہ استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد سے متعلق حکومتی پالیسی اور نئی آٹو پالیسی دو الگ معاملات ہیں، جنہیں ایک دوسرے کے ساتھ خلط ملط نہیں کرنا چاہیے ، انہوں نے متعلقہ اداروں سے پالیسی پر یکساں عملدرآمد اور درآمد کنندگان کو درپیش مشکلات دور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میاں شعیب احمد نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے 2025 میں استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد کے حوالے سے اقدامات کیے گئے، 24 ستمبر 2025 کو اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے اس پالیسی کی منظوری دی، جس کی 26 ستمبر کو وفاقی کابینہ نے توثیق کی، جبکہ 30 ستمبر 2025 کو ایس آر او 1895(I)/2025 کے ذریعے باضابطہ اجازت جاری کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پالیسی کی منظوری کے باوجود بعض متعلقہ اداروں کی جانب سے غیر ضروری رکاوٹیں پیدا ہوئیں، جس سے درآمد کنندگان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، ان کے مطابق حکومتی اور متعلقہ شخصیات کے تعاون سے ان مسائل کے حل میں مدد ملی ، میاں شعیب احمد نے واضح کیا کہ نئی آٹو پالیسی وزارت صنعت و پیداوار کے دائرہ اختیار میں آتی ہے، جبکہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد کی پالیسی الگ معاملہ ہے اور اس کا تعلق وزارت تجارت سے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں پالیسیوں کو الگ الگ سمجھنے کی ضرورت ہے ، صدر APDA کے مطابق 660 سی سی اور 1000 سی سی گاڑیوں کی درآمد سے متوسط طبقے کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے، جبکہ 2000 سی سی سے بڑی گاڑیوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (FED) میں اضافے کا معاملہ بھی پالیسی کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ درآمدی گاڑیوں کے حوالے سے ایسی پالیسی ہونی چاہیے جس سے مقامی آٹو انڈسٹری کے ساتھ صارفین کے مفادات کا بھی تحفظ ہو اور گاڑیوں کی قیمتوں میں مسابقت پیدا ہو سکے ، میاں شعیب احمد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کمرشل امپورٹ پالیسی پر شفاف انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے، درآمد کنندگان کو درپیش رکاوٹیں دور کی جائیں اور عوام کو مناسب قیمت پر گاڑیوں کی دستیابی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔