لاہور فیصل آباد ریلوے ٹریک بحال، بدر اور غوری ایکسپریس تاحال بند

لاہور (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) لاہور اور فیصل آباد ریلوے سیکشن کی بحالی کو بارہ روز گزر جانے کے باوجود اس روٹ پر چلنے والی دو اہم مسافر ٹرینیں، بدر ایکسپریس اور غوری ایکسپریس تاحال بحال نہیں کی جا سکیں، جس کے باعث روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ریلوے ذرائع کے مطابق 27 جولائی کو آنے والے سیلاب کے باعث مسن کالر پل بری طرح متاثر ہوا تھا، جس کی وجہ سے اس سیکشن پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہو گئی تھی، ریلوے انتظامیہ نے تقریباً ساڑھے تین ماہ کے طویل انتظار کے بعد 15 نومبر کو متاثرہ ٹریک کی مرمت مکمل کر کے اسے ٹرینوں کی آمدورفت کے لیے بحال کر دیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹریک بحال ہوتے ہی قراقرم ایکسپریس اور شالیمار ایکسپریس کو تو ان کے اصل روٹ پر بحال کر دیا گیا، تاہم لاہور اور فیصل آباد کے درمیان چلنے والی بدر اور غوری ایکسپریس کے پہیے تاحال جام ہیں، دونوں ٹرینوں کو دوبارہ نہ چلائے جانے کی بڑی وجہ مسافر کوچز (بوگیوں) کی شدید کمی ہے۔

دوسری جانب ترجمان پاکستان ریلویز نے اس صورتحال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ محکمے کو اس وقت کوچز کی کمی کا سامنا ہے کیونکہ وزیر ریلوے کی ہدایت پر غیر معیاری اور ڈمی کوچز کو ریلوے سسٹم سے نکال دیا گیا ہے ، ترجمان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ متبادل کوچز کا جلد انتظام کر لیا جائے گا اور یکم دسمبر تک بدر اور غوری ایکسپریس کو دوبارہ بحال کر دیا جائے گا۔