اسلام آباد(سی این پی)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق پر مشتمل ڈویژن بنچ نے سباق صدرپاکستان جنرل(ر)پرویز مشرف کے اثاثوں کی تحقیقات نہ کرنے پر چئیرمین نیب کیخلاف توہین عدالت کی درخواست میں نوٹس جاری کرتے ہوئے نیب سے معاملے پررپورٹ طلب کر لی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران درخواست گزار وکیل کرنل انعام الرحیم ایڈووکیٹ نے کہاکہ اسی عدالت نے قرار دیا تھا کہ نیب تحقیقات کر سکتا ہے،عدالت نے قرار دیا تھا مشرف پبلک آفس ہولڈر رہ چکے، چیف جسٹس نے کہاکہ کیا ہمارا وہ فیصلہ کہیں چیلنج ہوا تھا ؟،وکیل نے کہاکہ وہ فیصلہ چیلنج نہیں ہوا اور اب حتمی شکل اختیار کر چکا،نیب کو شواہد بھی فراہم کئے لیکن نیب کارروائی نہیں کر رہا، الیکشن کمیشن میں ریکارڈ کیمطابق مشرف کا صرف ایک اکاونٹ 20 لاکھ ڈالر کا ہے،عدالت نے مذکورہ بالا اقدامات کے ساتھ سماعت14 فروری تک کیلئے ملتوی کردی۔یاد رہے کہ کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم نے چئیرمین نیب کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر رکھی ہے، درخواست گزار کے مطابق اس عدالت نے آرڈر پاس کیا تھا کہ پرویز مشرف کے خلاف نیب آرڈی نینس کے تحت کارروائی ہو سکتی ہے، پرویز مشرف کا ایک اکاؤنٹ بیس لاکھ ڈالرز کا تھا،پرویز مشرف نے اربوں روپے کی زمین خود حاصل کی اور ہزاروں ایکڑ اراضی مختلف کنٹونمنٹس میں غیر قانونی طور پر الاٹ کی،پرویز مشرف نے اپنی کتاب میں اعتراف کیا کہ لاکھوں ڈالرز کے عوض پاکستانی شہریوں کو اغواء کر کے امریکیوں کے حوالے کیا،سابق جنرل نے ایک انٹرویو میں اعتراف کیا کہ ایک غیر ملکی سربراہ مملکت کی جانب سے ایک ارب امریکی ڈالر وصول کیے مگر اسے توشہ خانہ میں جمع نہیں کرایا گیا،پرویز مشرف کے خلاف نیب آرڈی نینس کے تحت کارروائی کے لیے 2013 میں 2اپریل، 10 اپریل اور 20 نومبر کو دستاویزی ثبوتوں کے ہمراہ شکایات بھجوائیں،25 اپریل 2013 کو نیب نے کہا کہ پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کے لیے جی ایچ کیو سے رابطہ کیا جائے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ نے اس خط کو غیر قانونی قرار دیا اور کہا کہ ریٹائرڈ آرمی افسر کے خلاف نیب آرڈی نینس کے تحت کارروائی ہو سکتی ہے، عدالتی حکم کے باوجود نیب پرویز مشرف کے خلاف شکائت پر کارروائی نہیں کر رہا،درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالتی حکم عدولی پر چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے،عدالت نے حکم دیا تھا سابق جنرل پرویز مشرف پبلک آفس ہولڈر ہیں نیب کارروائی کر سکتا ہے۔
/ img src="https://capitalnewspoint.com/wp-content/uploads/2024/09/Sarhad-University-Expands-Its-Horizons-with-the-Launch-of-Islamabad-Campus-1.jpg">
/ img src="https://capitalnewspoint.com/wp-content/uploads/2024/09/Sarhad-University-Expands-Its-Horizons-with-the-Launch-of-Islamabad-Campus-1.jpg">