ریسکیو اور پولیس حکام نے کہا ہے اسلام آباد، لاہور موٹر وے پر کلر کہار کے قریب بس حادثے میں کم از کم 12 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہو گئے۔ریسکیو 1122 کے ترجمان فاروق احمد نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
اس کے علاوہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس (این ایچ ایم پی) نے اپنے ایک جاری بیان میں کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ کلر کہار کے مقام پر لاہور سے اسلام آباد جانے والی بس کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔اس میں مزید کہا گیا کہ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے اہلکار جائے حادثہ پر موجود ہیں، ڈی آئی جی (موٹر وے) محمد یوسف ملک اور سیکٹر کمانڈر کی نگرانی میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے بیان میں کہا گیا کہ حادثے کی وجہ سے دو ٹریک ویز بند کردیے ہیں جب کہ تیسرا ٹریک ٹریفک کے لیے کھلا ہے۔