دورہ پاکستان سے چند روز قبل آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جسٹن لینگر نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
کرکٹ آسٹریلیا نے جسٹن لینگر کے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جسٹن لینگر کا آج استعفیٰ ملا جو قبول کر لیا گیا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ جسٹن لینگر کو مختصر وقت کے لیے معاہدے میں توسیع کی پیشکش کی گئی تاہم انہوں نے پیشکش قبول نہیں کی۔
کرکٹ آسٹریلیا نے جسٹس لینگر کی جگہ اینڈریو مک ڈانلڈ کو آسٹریلین کرکٹ ٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کرکٹ آسٹریلیا کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں دورہ پاکستان کی منظوری دی گئی تھی اور اسی اجلاس میں جسٹن لینگر کے معاہدے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی تھی۔
آسٹریلین کرکٹ ٹیم رواں ماہ کے آخر میں 24 سال بعد پاکستان کے دورے پر پہنچے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان ٹین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا۔