ایف آئی اے کی راولپنڈی میں بڑی کارروائی ،نوٹوں کا خزانہ نکل آیا

راولپنڈی(سی این پی) ایف آئی اے نے حساس اداروں کی مدد سے ایک بڑی کارروائی کر کے کرنسی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران راولپنڈی اور ان کے ملحقہ علاقےجہلم میں غیر ملکی کرنسی کا گودام برآمد کرلیا ہے جہاں سے نوٹوں کا خزانہ نکل آیا ہے،بڑے بڑے لاکرز کو قبضہ میں لے لیا گیا ہے ، صرف ایک لاکرز سے 40 کروڑ روپے کی رقم نکالی جا چکی ہیں تاہم دیگر لاکرز کو کھولنے کی کوشش کی جارہی ہے

ایف آئی اے کی ٹیم نے شمس آباد مری روڈ کے نو تعمیر شدہ شاپنگ پلازے میں چھاپہ مارا،کارروائی سے پہلے ایک ہفتہ ریکی کی جاتی رہی،ڈبل بیسمنٹ کے پارکنگ ایریا کا بظاہر ایک لوہے کا ایک چھوٹا دروازہ تھا ، جہاں کنسٹرکشن کا فالتو سامان رکھا گیا تھا،چھاپہ مار ٹیم نے دیواروں کو ٹھونکا تو ایک جانب گونج دارآواز آنے پر دیوار توڑی گئی، ابتدائی رپورٹ ایف آئی اے حکام کو بھجوا دی گئی

ملزمان کی نشاندہی پر ایف آئی اے سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے راولپنڈی کے علاقے جہلم میں چھاپہ مارا جہاں ایچ اینڈ ایچ اور الحمید کرنسی ایکسچینج سے لاکھوں ڈالرز، پاؤنڈ اور ریال اور کروڑوں پاکستانی روپے برآمد ہوئے جبکہ موقع سے 8 افراد کو گرفتار کرلیا۔

چھاپے کی سربراہی ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر جیر نصرانی اور سب انسپکٹر گوہر شاہ و دیگر نے کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک ڈیجیٹل لاکر سے چالیس کروڑ روپے سے زائد کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد ہو چکی ہے جبکہ پلازہ میں اربوں روپے ملکی و غیر ملکی کرنسی چھپائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق پلازہ میں دیواروں اور زمینوں پر ڈیجیٹل سیف میں رقم چھپائی گئی ہے، مزید ڈیجیٹل سیف کھلے گیں تو رقم کا تخمینہ لگایا جائیگا۔دوسری جانب پلازے اور رقم کا مالک قانونی دستاویزات بھی لے کر پہنچا اور چھاپہ مار ٹیم کو مطمئن کرنے کی بھی کوشش کی۔ جس کے بعد ڈیجیٹل سیف کاٹنے کے لئے منگوائے کٹرز واپس بجھوا دیئے گئے۔

اطلاعات کے مطابق راولپنڈی نجی مال پلازہ میں نکلنے والی رقم پر ایف آئی اے اور پلازہ مالک کے مابین تلخ کلامی بھی ہوئی ہے۔ پلازہ مالک نے کہا کہ برآمد رقم یہی پر رکھی جائے جبکہ ایف ائی اے حکام نے کہا کہ رقم ہم ساتھ لیکر جائیں گےبعدازاں ایف آئی اے نے معاونت کے لئے پولیس کو طلب کر لیا۔