اسلام آباد(سی این پی)جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی کی زندگی کو خطرہ، بشری بی بی نے سابق وزیراعظم کی سیکورٹی اور تحفظ کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔سابق وزیراعظم کی اہلیہ بشری بی بی نے لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ کے توسط سے درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی جس میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ خدشہ ہے کہ عمران خان کو جیل میں کھانے کے ذریعے زہر دیا جا سکتا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو گھر کے کھانے کی اجازت نہیں دی گئی ، ماضی میں قیدیوں کو سہولت دی گئی ، ذمہ دار میڈیکل افسر کے ذریعے خالص خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ، ملاوٹ شدہ خوراک شوہر کی زندگی کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے۔
درخواست میں بشری بی بی نے یہ بھی کہا ہے کہ میرے شوہر کو جیل مینوئل کے مطابق وہ سہولیات بھی نہیں دی جا رہیں جس کے وہ حقدار ہیں ، جیل میں سہولیات کی فراہمی سے متعلق عدالتی حکم پر عمل درآمد کرایا جائے۔ درخواست کے متن کے مطابق بشری بی بی کا موقف ہے کہ ان کے شوہر کے ساتھ جیل میں غیر انسانی سلوک آئین کے آرٹیکل 9 اور14 کی خلاف ورزی ہے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں واک اور ایکرسائز کی سہولت فراہم کی جائے