بلاول بھٹو وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد مولانا کے گھر پہنچ گئے

بلاول بھٹو وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد مولانا کے گھر پہنچ گئے

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری چند گھنٹوں میں دوبارہ ملاقات کے لیے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے ہیں۔ بلاول بھٹو اپنے وفد کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر پہنچے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

جے یو آئی کے ترجمان کے مطابق، پی پی پی کے وفد میں سید خورشید شاہ، انجینئر نوید قمر، اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب شامل تھے۔ ملاقات میں جے یو آئی کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا عبدالواسع، مولانا اسعد محمود، سینیٹر کامران مرتضی، میر عثمان بادینی، اور مولانا مصباح الدین بھی شریک تھے۔

ملاقات کے بعد بلاول بھٹو روانہ ہوگئے، جبکہ پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ اور نوید قمر نے میڈیا سے بات چیت کی۔ خورشید شاہ نے کہا کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ یہاں آئے ہیں، اور آئندہ بھی رابطے اور ملاقاتیں جاری رہیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ ملاقات کا مقصد مولانا فضل الرحمان کو آئینی ترمیم کے حوالے سے آگاہ کرنا اور ان کی رائے لینا تھا تاکہ بل کو اتفاق رائے سے پارلیمنٹ میں پیش کیا جا سکے۔

نوید قمر نے کہا کہ گزشتہ روز کی کمیٹی میں مولانا اور بلاول موجود تھے، اور اس میٹنگ میں تمام اعتراضات پر بات چیت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تمام ترامیم پر اتفاق رائے سے عمل درآمد کرنے کے لیے آج کی ملاقات اہم تھی۔

اس سے پہلے، بلاول بھٹو نے وزیراعظم سے اہم ملاقات کی تھی اور انہیں مولانا فضل الرحمان سے ہونے والی ملاقات کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔ بلاول بھٹو نے آئینی ترمیم کے معاملے پر مشاورت اور حمایت کے لیے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر بھی پہنچے تھے۔