پاکستان میں ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں،اربوں ڈالرکی سرمایہ کاری کرینگے،خالد بن عبد العزیز الفالح

اسلام آباد: سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح نے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے پختہ عزم رکھتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کی بہت اہمیت ہے۔پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے جارہا ہے،یہاں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں، سعودی عرب پاکستان کا معاشی استحکام چاہتا ہے

اسلام آباد میں پاکستان سعودی عرب بزنس فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیر نے کہا کہ اس فورم کا انعقاد تاجر برادری کے درمیان رابطے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، پاکستان اور سعودی عرب ایک اسٹریٹجک شراکت دار ہیں۔

خالد بن عبدالعزیز الفالح نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون نہایت ضروری ہے، ہمیں تجارت بڑھانے کے لیے اپنی جغرافیائی قربت کا فائدہ اٹھانا چاہیے اور علاقائی خوشحالی کے مقصد کے حصول کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان ہمارے لیے دوسرا وطن ہے، دونوں ممالک کے تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے اور مذہبی و روحانی روابط بھی موجود ہیں۔ باہمی تجارت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

خالد بن عبدالعزیز الفالح نے دوطرفہ تجارت کے فروغ میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی کوششوں کی ستائش کی اور کہا کہ تجارتی حجم میں اضافہ بڑھتی ہوئی اقتصادی شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔

سعودی وزیر سرمایہ کاری نے یہ بھی کہا کہ مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا کے خطوں میں ترقی کے کئی مواقع موجود ہیں، اور سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی وہاں کی ترقی میں ایک اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

پاک سعودی بزنس فورم کے اجلاس میں ایگزم بینک کے تامر الشطری نے بھی اظہار خیال کیا اور کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے کئی مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ مذہب اور اقدار کی بنیاد پر قریبی تعلقات قائم ہیں۔