راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کسی بھی صورت ملک کی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دے گی۔ بانی پی ٹی آئی قومی سلامتی اور ملک کے استحکام کو دانستہ طور پر نقصان پہنچا رہے ہیں۔ گزشتہ روز راولپنڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا بیانیہ ملکی مفاد، قومی سلامتی اور ریاستی اداروں کے خلاف ہے اور انہوں نے اپنے بیانات اور اقدامات سے ثابت کیا ہے کہ وہ ایک خطرناک مہم کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے بھارت کو تاریخی شکست سے دوچار کیا جس پر پوری قوم اپنی مسلح افواج پر فخر کرتی ہے مگر دوسری جانب بانی پی ٹی آئی مسلسل ایسے بیانات دیتے رہے جو قومی مفاد سے متصادم ہیں۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ ہماری فوج نے دس گنا بڑے دشمن کو شکست دی ہے جسے پوری دنیا تسلیم کرتی ہے اور شہداء کی بدولت آج دنیا بھر میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جیل کی مشکلات برداشت نہ ہونے پر وہ اس فوج کے خلاف کھڑے ہو گئے جس نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو شہداء کی یادگاروں کی توڑ پھوڑ کی گئی، کور کمانڈر ہاؤس اور جی ایچ کیو پر حملہ کیا گیا اور وہی سازش عملی شکل اختیار کر گئی جس کی دشمن خواہش رکھتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو بھارت اور اسرائیل سے مالی معاونت ملتی رہی جس کی نشاندہی انہوں نے فارن فنڈنگ کیس میں کی تھی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں سیاستدان جلا وطن ہوئے، پھانسیاں بھی ہوئیں، قید بھی کاٹی گئی مگر کسی نے ریاستی اداروں کو نشانہ نہیں بنایا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت تین بار گرائی گئی، مریم نواز نے جیل کاٹی مگر انہوں نے ملکی سالمیت کو کبھی خطرے میں نہیں ڈالا۔ حنیف عباسی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں 13 سال سے پی ٹی آئی کی حکومت ہے لیکن عوام صحت، تعلیم اور صاف پانی جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت خوارج کی آلہ کار بنی ہوئی ہے جبکہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کرتے نظر آتے ہیں، کے پی میں گورنر راج لگنا ہے یا نہیں اس کا فیصلہ بعد میں ہو گا۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ٹویٹس اور بیانات مسلسل ریاستی اداروں کے خلاف ہیں، آج تک کسی نے افغانستان اور بھارت کے ساتھ مل کر ملکی سلامتی کو نشانہ نہیں بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سالمیت کے ساتھ کھیلنے والا ذہنی مریض ہوسکتا ہے پاکستانی نہیں، آپ نے اقتدار کے لئے تمام حدود پار کر لی ہیں، آپ کے بیانیے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بہنیں بھارتی میڈیا پر بیانیہ دے رہی ہیں جو ملکی مفاد کے سراسر منافی ہے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے تمام شواہد اداروں کے پاس موجود ہیں اور ملوث افراد بلاوجہ ای سی ایل پر نہیں ڈالے گئے۔ انہوں نے کہا کہ 10 مئی کو پوری دنیا نے دیکھا کہ پاکستان کی بہادر افواج نے ملک کی عزت اور وقار کو بلند رکھا۔ قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے اور پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔

