اسلام آباد (کرائم رپورٹر )ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز میں انسدادِ بدعنوانی کے بین الاقوامی دن کے موقع پر ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رِفعت مختار راجہ، ایف آئی اے کے سینئر افسران اور مختلف اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی سیمینار سے ایف آئی اے کے اینٹی کرپشن وِنگ، لاء وِنگ اور زونز کے افسران نے خطاب کیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن وِنگ محمد جعفر نے اپنے خطاب میں کہا کہ انسدادِ بدعنوانی کا عالمی دن اس عہد کی یاد دہانی ہے کہ بدعنوانی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں اور ادارہ جاتی شفافیت ناگزیر ہے انہوں نے بتایا کہ ڈی جی ایف آئی اے کی خصوصی ہدایات کے تحت ادارے میں جامع اصلاحات جاری ہیں، جن کا مقصد کارکردگی بہتر بنانا، نظام کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنا اور عوامی خدمات میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔

ایڈیشنل ڈی جی نے کہا کہ ایف آئی اے نے کیس مینجمنٹ سسٹم کو جدید خطوط پر اپ گریڈ کیا ہے جبکہ مجرمانہ ریکارڈ مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے۔ مزید کہا کہ انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (IC4) اور ڈائریکٹوریٹ آف انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی کا بھی قیام عمل میں لایا گیا ہے ڈی جی ایف آئی اے رِفعت مختار راجہ نے خطاب میں کہا کہ ایف آئی اے دیانت داری، شفافیت اور عوامی اعتماد کو بنیادی اقدار سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور ہر سطح پر شفافیت اور احتساب کو یقینی بنا رہا ہے تقریب کے اختتام پر شرکاء نے شفافیت، احتساب اور ادارہ جاتی دیانت داری کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔


