اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان ریلوے میں آٹھ ماہ کے اصلاحاتی اقدامات کے نتیجے میں روزانہ آمدن میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کے مطابق گزشتہ پندرہ دن سے روزانہ آمدن 300 ملین روپے تک پہنچ گئی ہے، جو گزشتہ تین دہائیوں میں سب سے بڑا ریکارڈ ہے انہوں نے کہا کہ ریلوے کی اصلاحات اور جدیدکاری نے مسافر اور فریٹ آمدنی میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ پورے پاکستان میں ریلوے کو ڈیجیٹلائز کرنے کے عمل سے کام کی رفتار اور شفافیت میں اضافہ ہوا ہے۔
وزیر ریلوے نے اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن اور ریلوے ٹریک کی بہتری پر بھی خصوصی توجہ کا ذکر کیا۔ نوکندی سے روہڑی اور روہڑی سے کراچی تک ٹریک کی بہتری کے لیے معاہدے مکمل ہو چکے ہیں انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال میں وزیراعظم کے وژن کے مطابق تمام اہداف 31 دسمبر 2026 تک مکمل کر لیے جائیں گے۔ محمد حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلوے ترقی اور جدیدکاری کی راہ پر گامزن ہے۔

