راولپنڈی (سٹاف رپورٹر )ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایات پر آر ڈی اے انفورسمنٹ اسکواڈ نے موضع گڑھا برتھا، چک بیلی خان روڈ راولپنڈی میں واقع ہاکس میلبورن ہاؤسنگ سکیم کا تفصیلی معائنہ کیا تاکہ تعمیرات فری زون میں جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا جا سکے۔ معائنہ کے دوران اسسٹنٹ کمشنر کینٹ اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے افسران بھی ٹیم کے ہمراہ تھے۔ ٹیم نے موقع پر جامع جانچ پڑتال کی، جس میں تعمیراتی پابندی کے باوجود جاری غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی ہوئی۔
اس پر تمام تعمیراتی سرگرمیوں کو فوری طور پر روکنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ آر ڈی اے انفورسمنٹ اسکواڈ نے ایس ایچ او تھانہ روات کو درخواست جمع کرائی ہے، جس میں ہاکس میلبورن ہاؤسنگ سکیم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سمیت دیگر ذمہ داران کے خلاف لی آؤٹ پلان (LOP) کی خلاف ورزی اور غیر قانونی اشتہارات کے ذریعے پلاٹس کی خرید و فروخت کی تشہیر پر ایف آئی آر درج کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ مزید برآں، انفورسمنٹ ٹیم نے ڈویلپرز اور کنٹریکٹرز کو ہدایت کی کہ تعمیراتی سرگرمیاں فوری طور پر بند کی جائیں، بھاری مشینری ہٹائی جائے اور تمام امور کو قواعد و ضوابط کے مطابق یقینی بنایا جائے۔ حکام نے واضح کیا کہ ممنوعہ اور حساس قرار دیے گئے علاقوں میں ہر قسم کی تعمیر سخت قانونی خلاف ورزی ہے اور عوامی سلامتی کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہے۔
ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے کہا کہ آر ڈی اے غیر قانونی اور غیر منظور شدہ تعمیرات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے کاربند ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مفاد کے تحفظ، شہری ترقی کے نظم و ضبط اور دھوکے پر مبنی ہاؤسنگ سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ آر ڈی اے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری سے گریز کریں اور کسی بھی سکیم میں سرمایہ کاری سے قبل اس کی قانونی حیثیت آر ڈی اے کے سرکاری ذرائع سے ضرور تصدیق کریں۔ مزید برآں، ڈی جی آر ڈی اے نے ایم پی اینڈ ٹی ای ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت جاری کی ہے کہ غیر قانونی/غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں، غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں، بُکنگ آفسز اور ہر قسم کی تجاوزات کے خلاف بلا خوف و خطر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ادارہ شفافیت، احتساب اور عوامی مفاد کے فروغ کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

