پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما سحر کامران کی گڑھی خدابخش آمد، شہداء کے مزارات پر حاضری

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے گڑھی خدابخش بھٹو آمد کے موقع پر شہید ذوالفقار علی بھٹو، بیگم نصرت بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو، شہید شاہنواز بھٹو اور شہید میر مرتضیٰ بھٹو کے مزارات پر حاضری دی۔ انہوں نے مزارات پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی اس موقع پر سحر کامران نے کہا کہ گڑھی خدابخش میں داخل ہوتے ہی انسان کے دل پر ایک عجیب کیفیت طاری ہو جاتی ہے۔ ایک ہی قطار میں پورے خاندان کی قبریں دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ یہ وہ مقدس مقام ہے جہاں ایک ایسے خاندان کے افراد آسودۂ خاک ہیں جنہوں نے جمہوریت، عوامی حقوق اور پاکستان کے لیے اپنی جانوں کی عظیم قربانیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو 1973ء کا متفقہ آئین دیا، عوام کو شعور، وقار اور سیاسی طاقت بخشی، مگر آمریت نے انہیں عدالتی قتل کے ذریعے ہم سے چھین لیا۔ بیگم نصرت بھٹو نے آمریت کے اندھیروں میں جمہوریت کی شمع جلائے رکھی اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ شہید شاہنواز بھٹو اور شہید میر مرتضیٰ بھٹو نے بھی جمہوریت اور عوامی حقوق کے لیے جان کا نذرانہ پیش کیا سحر کامران نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی قریب ہے۔ دسمبر 2007ء میں پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم اور عالمِ اسلام کی پہلی منتخب خاتون سربراہ حکومت کو شہید کر دیا گیا، مگر ان کا مشن اور نظریہ آج بھی زندہ ہے۔ شہید بینظیر بھٹو نے آمریت کے خلاف جدوجہد، آئین کی بالادستی، خواتین، اقلیتوں اور غریب عوام کے حقوق کے لیے جو جدوجہد کی، وہ تاریخ کا روشن باب ہے انہوں نے کہا کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے بعد نہایت مشکل حالات میں پارٹی اور جمہوریت کو سنبھالا، “پاکستان کھپے” کا نعرہ دے کر ملک کو ٹوٹنے سے بچایا اور 18ویں ترمیم کے ذریعے آئین کو اس کی اصل پارلیمانی روح کے ساتھ بحال کیا۔ صدر آصف علی زرداری کی قربانیاں اور سیاسی بصیرت پاکستان کی جمہوری تاریخ کا اہم باب ہیں۔

سحر کامران نے مزید کہا کہ آج پاکستان پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں شہید بینظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھا رہی ہے۔ انشاءاللہ بھٹو خاندان کی قربانیوں کا یہ سلسلہ رائیگاں نہیں جائے گا اور پاکستان پیپلزپارٹی عوامی جمہوریت، آئین کی بالادستی اور سماجی انصاف کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی.