اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ فیض حمید اور نیازی گٹھ جوڑ بے نقاب ہو چکا ہے جس نے پاکستان کی ترقی کا راستہ روکا، پاکستان کی حکومت، افواج اور وزیراعظم شہباز شریف ہر اس مظلوم کے ساتھ کھڑے ہیں جس کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے، بہار میں ہونے والے واقعہ پر انسانی حقوق کی تنظیمیں کہاں غائب ہیں، انشاء اللہ پاکستان کے غداروں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا منگل کو یہاں پریس کانفرنس میں رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے دیئے گئے ٹاسک کے تحت پاکستان کے نوجوانوں کو اکٹھا کر رہا ہوں، ان کو امپاور کرنے کا کام کر رہا ہوں، ان کو پلیٹ فارمز مہیا کر کے ان کی زندگیاں بنانے کے لئے وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے اور اللہ کے فضل سے ہم جو کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں اس میں پاکستان کے بچے بچیوں کے لئے تعلیم کے میدان سے لے کر فنی تعلیم، آئی ٹی، سائنس و ٹیکنالوجی، آرٹ اینڈ کلچر، سپورٹس ہر طرف ہمارے بچوں کو عزت کے ساتھ آگے آنے کا موقع مل رہا ہے، پاکستان کا نوجوان میرٹ اور اپنی قابلیت کی بنیاد پر آگے آنا چاہتا ہے۔
–
انہوں نے کہا کہ فیض حمید اور نیازی کا گٹھ جوڑ تھا اس سے پاکستان کے بچے بچیوں کے ذہنوں میں جو زہر بھرا گیا ہے، جو قوم کے بچے بچیوں کو انتشار کی جانب لگایا گیا، اس فیض نیازی گٹھ جوڑ نے پاکستان کی ترقی کا راستہ روکا، اس گٹھ جوڑ نے پاکستان کے بچوں کا مستقبل تاریک کیا، آج پاکستان کے نوجوان یہ سوال کرتے ہیں کہ ان بچے اور بچیوں جن کو ایک ایسے راستے پر چلایا گیا جس پر چل کر نہ تو ان کا مستقبل بنا، ان کی بنیاد کو تباہ کیا گیا، ان کے آگے بڑھنے کے راستے مسدود کئے گئے، نوجوانوں کے لئے ان تاریکیوں کا ذمہ دار کون ہے؟انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو اس بات کی مبارکباد دیتا ہوں کہ ادارے میں احتساب کی ایک مثال قائم کی گئی، ایک ایسی مثال ہے جس کے اندر اختیارات کے غلط استعمال پر احتساب اپنے ادارے سے شروع کیا گیا۔آج پاکستان کے نوجوانوں کے لئے ایک مثال قائم کی گئی کہ کوئی بھی آئین اور قانون سے ماورا نہیں ہے، جو آئین اور قانون کے خلاف جائے گا اور اپنے آپ کو بہت زیادہ طاقتور سمجھتا ہے اس کا بھی احتساب ہو سکتا ہے، نوجوانوں کے لئے ایک مثال قائم کی گئی کہ آپ کو کسی بات سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ایک مثال قائم کر رہے ہیں کہ میرٹ کی بنیاد پر نوجوانوں میں لیپ ٹاپس تقسیم کئے جا رہے ہیں، اسی طرح دیگر سہولیات اور ایوارڈز دیئے جا رہے ہیں، نوجوانوں میں پائی جانے والی قابلیت کو آگے آنے کا موقع دیا جاتا ہے، آپ کو دانش سکولوں اور پاکستان انڈوومنٹ فنڈز کے ذریعے آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں اور جب نیت سے کام ہو تو راستے کھلتے ہیں، آج دنیا کا رخ پاکستان کی طرف ہو چکا ہے۔ رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ روز کوئی نہ کوئی غیر ملکی سربراہ پاکستان آ رہا ہوتا ہے، ہمارے پرائم منسٹر، ان کی ٹیم اور ہمارے فیلڈ مارشل مختلف ممالک میں جا کر ان کے ساتھ مذاکرات کررہے ہیں، معاہدے ہو رہے ہیں، پاکستان کے نوجوانوں کو مستقبل بنانے کے لئے دن رات کوششیں ہو رہی ہیں انہوں نے کہا کہ حکیم محمد سعید نے 1995ء میں جو بات کہی تھی، انہوں نے اپنی کتاب میں لکھا تھا کہ اس خطے میں یہودی لابی نے عمران خان کو چن لیا ہے، ڈاکٹر اسرار احمد نے اپنے خطبے میں کہا تھا کہ نیو ورلڈ آرڈر کے اندر اس خطے میں جس شخص کا چنائو کیا گیا ہے وہ عمران خان ہے۔ انہوں نے کہاکہ فیض نیازی گٹھ جوڑ پاکستان کی تباہی کے لئے تھا، پاکستان کو ٹریک سے ہٹانے کے لئے تھا، پاکستان دشمنوں کے ساتھ مل کر نوجوانوں کا مستقبل تاریک کرنے کے لئے تھا، اس سے بڑھ کر اور کیا ہوگا جو لوگ پاکستان کے خلاف کھڑے ہوتے تھے ان کو پاکستان میں اسٹیبلش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مخالف پروپیگنڈا بھارت اور اسرائیل سے ہو رہا ہے، پاکستان مخالف ملکوں میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف دشنام طرازی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 16 دسمبر کو اے پی ایس پر حملہ سابق حکومت نے تو بھلا دیا تھا لیکن ہم شہید ہونے والے بچوں کے بہن بھائیوں کو محفوظ مستقبل دے رہے ہیں، 16 دسمبر اس بات کی بھی یاد دلاتا ہے کہ پاکستان مخالف قوتوں کا سر کچلنا ہے۔ رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ فیض نیازی گٹھ جوڑ میں جو جنرل فیض کو سزا ہوئی ابھی یہ شروعات ہے، ابھی تو اختیارات سے تجاوز کرنے، 9 مئی پاکستان کو جو توڑنے کی سازش تھی اس کے کرداروں کے خلاف کارروائی ہونی ہے، ابھی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آنا ہے، ابھی القادر ٹرسٹ اور اس طرح کی نئی داستانیں رقم کی گئیں ان کا بھی فیصلہ ہونا ہے جو پاکستان کو لوٹ کر باہر بیٹھے ہیں ان کا احتساب ہو گا، معافی نہیں ہو گی یہ ابھی آغاز ہے، فوج کے ادارے نے اپنے آپ سے احتساب کا آغاز کیا اور اس میں جو سیاسی کردار شامل تھے ان کا بھی احتساب ہو گا۔ آپریشن بنیان مرصوص میں بھارت کے دانت کھٹے کئے گئے تو ہندوستان کو تکلیف تو ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں ہونے والے واقعہ کی مذمت کرتا ہوں، ہماری ایک مسلمان بہن کا کا نقاب جس طرح نوچا گیا، اس کے بعد انسانی حقوق کے علمبردار کہاں ہیں؟ ایک مضبوط پاکستان دنیا میں بیٹھے مظلوموں کے حقوق کے تحفظ کی گارنٹی دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر ہر اس مظلوم کے ساتھ کھڑے ہیں جس کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے۔ پاکستان مزید مضبوط ہو گا اور پاکستان کے نوجوان پاکستان کے جھنڈے تلے ترقی پرکمپرومائز نہیں کریں گے۔ فیض حمید اور نیازی یہ شروعات ہیں، انشاء اللہ پاکستان کے غداروں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

